میلبورن ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان باکسنگ ڈے ٹسٹ میں 19 سالہ سام کونسٹاس کے ڈیبیو کرنے کی خبر پہلے ہی سامنے آئی تھی لیکن اب اسے باضابطہ طور پر منظورکرلیاگیا ہے۔ آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے سام کونسٹاس کے ڈیبیو کی تصدیق کر دی ہے۔ کوچ کی منظوری کا مطلب ہے کہ کونسٹاس اب آسٹریلیا کے لیے ٹسٹ ڈیبیو کرنے والے چوتھے کم عمر ترین کھلاڑی ہوں گے۔ تاہم اس کے علاوہ آسٹریلوی کوچ نے ٹریوس ہیڈ کے حوالے سے بھی بڑی خبر سنادی۔ آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ٹریوس ہیڈ کے کھیلنے پر شک کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ گابا میں کھیلے گئے تیسرے ٹسٹ کے دوران سر پر چوٹ لگی تھی جس کے بعد ان کے کھیل پر تجسس پیدا ہوگیا تھا اور اب جب میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ قریب ہے، تب بھی ان کے زخم کی وجہ سے چھائے تجسس کے بادل مکمل طور پر نہیں چھٹے۔ تاہم آسٹریلوی کوچ کو یقین ہے کہ ہیڈ فٹنس ٹسٹ پاس کرنے کے بعد میلبورن ٹسٹ میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دوسری جانب سام کونسٹاس آسٹریلیا کے لیے ٹسٹ ڈیبیوکرنے والے 468 ویں کھلاڑی ہیں اور چوتھے کم عمر ترین کھلاڑی بھی ہیں۔ ٹسٹ ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی ایان کریگ ہیں جنہوں نے17 سال 239 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ ایان کریگ نے 1953 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ میں ڈیبیو کیا۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر آسٹریلیا کے موجودہ کپتان پیٹ کمنزکا ہے جنہوں نے2011 میں 18 سال 193 دن کی عمر میں ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنا پہلا میچ بھی جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا۔ ٹام گیریٹ آسٹریلیا کے تیسرے کم عمر ترین ٹسٹ کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 1877 میں انگلینڈ کے خلاف 18 سال اور 232 دن کی عمر میں ٹسٹ ڈیبیوکیا۔ علاوہ ازیں کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے بھی اسکاٹ بولانڈ کے نام کی منظوری دے دی ہے کہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پلیئنگ الیون میں جوش ہیزل ووڈ کی جگہ کون ٹیم میں شامل ہوگا۔ ہیزل ووڈ کو بھی چوٹ کی وجہ سے تیسرے ٹسٹ کے وسط میں میدان چھوڑنا پڑا۔ اب وہ پوری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ تجربہ کار فاسٹ بولر ہیزل ووڈ کے مقام پر اب بولانڈ میدان میں اتریں گے ۔