2ہزار کے نوٹ کسی بھی بینک کی برانچ سے تبدیل کرنے کی سہولت، اکاؤنٹ ضروری نہیں

   

فارم پُر کرنے اور شناختی ثبوت سے استثنیٰ، ایک دن میں 20 ہزار روپئے تک تبدیلی،آر بی آئی کا بیان

حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) ملک میں 2000 روپئے کی کرنسی نوٹ پر پابندی کے بعد کرنسی نوٹ کی تبدیلی کے سلسلہ میں عوام میں پائی جانے والی تشویش اور اُلجھن کو ریزروبینک آف انڈیا اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ آر بی آئی نے وضاحت کی ہے کہ 2 ہزار روپئے کرنسی نوٹ کی کسی بھی بینک سے تبدیلی ممکن ہے اور کوئی بھی بینک 2 ہزار کرنسی نوٹ کھاتہ جمع کرنے یا تبدیلی سے انکار نہیں کرسکتا۔ ریزرو بینک نے کہا کہ عوام اپنی برانچ پہنچ کر اس رقم کو اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرسکتے ہیں۔ اگر کسی بھی بینک کی برانچ کی جانب سے منسوخ شدہ کرنسی کو بطور ڈپازٹ قبول کرنے یا تبدیل کرنے سے انکار کرے تو اکاؤنٹ ہولڈر کو متعلقہ بینک کی مین برانچ میں شکایت کرنی چاہیئے۔ اگر 30 دن کے اندر تشفی بخش کارروائی نہ ہو تو ریزروبینک کے انٹیگریٹیڈ اومبڈسمین اسکیم کے تحت آر بی آئی کے پورٹل کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں شکایت درج کراسکتے ہیں۔ انٹیگریٹیڈ اومبڈسمین اسکیم کا مقصد آر بی آئی کے زیر کنٹرول بینکوں اور مالیاتی اداروں کی خدمات سے متعلق صارفین کے تنازعات کی یکسوئی ہے۔ آر بی آئی نے 30 مئی سے 30 ستمبر تک کرنسی جمع کرنے اور تبدیلی کی مہلت دی ہے۔ تبدیلی کیلئے اکاؤنٹ لازمی نہیں رہے گا۔ عوام جن کے متعلقہ بینکوں میں اکاؤنٹ نہ بھی ہوں تب بھی وہ کسی بھی برانچ سے ایک دن میں20 ہزار روپئے کی حد تک 2 ہزار روپئے کے کرنسی نوٹ تبدیل کرسکتے ہیں۔ اسی دوران اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے وضاحت کی ہے کہ 2 ہزار روپئے کے کرنسی نوٹ کی 20 روپئے تک تبدیلی کیلئے کوئی بھی فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بینک نے واضح کیا کہ کوئی بھی ریکویزیشن سلپ یا شناختی پروف کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ایس بی آئی نے تمام ہیڈ آفسیس کے جنرل منیجرس کو سرکولر جاری کرتے ہوئے واقف کرایا کہ کسی بھی فارم یا شناختی پروف کے بغیر 20 ہزار روپئے تک رقم تبدیل کی جاسکتی ہے۔ بینک کھاتہ میں رقم جمع کرنے کیلئے آر بی آئی نے اگرچہ کوئی حد مقرر نہیں کی ہے تاہم یہ KYC قواعد کے تحت رہے گا۔ رقم کی تبدیلی کیلئے عوام کو شناختی پروف پیش کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ بینک نے تمام ہیڈ آفسیس کو پابند کیا ہے کہ وہ رقم کی تبدیلی کے سلسلہ میں بہتر انتظامات کے ذریعہ عوام سے تعاون کریں۔ واضح رہے کہ آر بی آئی نے جمعہ کے دن 2 ہزار روپئے کی کرنسی نوٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ر