2 قافلوں کے ذریعہ تلنگانہ کے 748 حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی

   

صدرنشین محمد سلیم نے استقبال کیا، حجاج نے سعودی عرب میں انتظامات کی ستائش کی
حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے دو قافلے آج مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پروازوں سے حجاج کرام کی واپسی عمل میں آرہی ہے۔ آج دونوں فلائیٹس میں جملہ 748 حجاج کرام وطن واپس ہوئے۔ اب تک جملہ 5 قافلوں کے ذریعہ 2869 حجاج کرام حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ 28 جولائی سے حجاج کے قافلوں کی آمد کا آغاز ہوا۔ 29 جولائی اور 2 اگسٹ کو دو، دو قافلے واپس ہوئے۔ 3، 4 اور 6 اگسٹ کو ایک، ایک قافلہ کی واپسی ہوگی اور 6 اگسٹ کا آخری قافلہ رہے گا۔ آخری دو قافلوں میں آندھرا پردیش کے حجاج کرام شامل رہیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے فرداً فرداً حجاج کرام سے ملاقات کی اور ان سے دعائیں لیں۔ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ سینکڑوں کی تعداد میں دوست احباب اور رشتہ دار استقبال کیلئے موجود تھے۔ حجاج کرام کیلئے ایر پورٹ کے احاطہ میں نماز گاہ کا انتظام کیا گیا اور وضو کی سہولت فراہم کی گئی۔ ضعیف العمر حجاج کیلئے وہیل چیر کا انتظام کیا گیا تھا۔ صدرنشین حج کمیٹی اور حج کمیٹی کے ارکان نے ضعیف حجاج کی مدد کی اور سامان کی منتقلی میں تعاون کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر سال حجاج کرام کیلئے بہتر انتظامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی کے سبب جاریہ سال حج میں روانگی سے واپسی تک حجاج کو کوئی زحمت نہیں ہوئی۔ حجاج کرام نے اس موقع پر انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اور ایام حج میں کوئی دشواری نہیں ہوئی ہے۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ارکان غلام احمد حسین، عرفان الحق، شیخ مقبول، سید نظام الدین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ حجاج کرام کو ایر پورٹ پر 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ر