حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریزرو بینک آف انڈیا کے 2 ہزار کے نوٹ سے دستبرداری کے فیصلے کے بعد ان نوٹوں کو بینکوں سے تبدیل کیا جارہاہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان نوٹوں کو بینکوں سے ہی بدلا جاسکتا ہے ۔ پوسٹ آفسوں میں تبدیلی کی سہولت نہیں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 23 مئی سے بینکوں میں دو ہزار کے نوٹ کی تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے اور عوام اس سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ ان نوٹوں کی قانونی حیثیت بھی برقرار ہے ۔ اس لیے انہیں اکاونٹس میں جمع بھی کروایا جاسکتا ہے ۔ تاہم ان نوٹوں کو پوسٹ آفسوں کے ذریعہ تبدیل کرنے کی سہولت نہیں ہے ۔ اس دوران اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے ایک سرکولر جاری کرتے ہوئے اپنے تمام سرکلوں میں بینکس کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2000 کے کرنسی نوٹ کی تبدیلی کے لیے کسی فارم کے پر کرنے یا شناختی کارڈز پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ عوام کو روزانہ دو ہزار کے 10 کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی اجازت رہے گی ۔۔