عازمین حج کو زم زم واپسی پر دیا جائے گا، 20 مئی کے بعد ٹیکہ اندازی
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2023 کے منتخب عازمین حج کیلئے بیاگیج کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ جاریہ سال حج کمیٹی کی جانب سے بیاگیج سربراہ نہیں کئے جائیں گے اور عازمین حج کو اپنے طور پر مقررہ سائز کے بیاگیج کا انتظام کرنا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کے سرکولر کے مطابق 20 کیلو گرام سامان کی گنجائش والے 2 سوٹ کیس اور ہینڈ کیاری کے طور پر 7 کیلو کے ایک بیاگ کی اجازت رہے گی۔ سوٹ کیس کا سائز 158 سنٹی میٹر پر محیط ہونا چاہیئے۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ مقررہ وزن سے زائد کے سوٹ کیس اور ہینڈ کیاری بیگ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اگر جدہ اور مدینہ منورہ ایر پورٹ پر حکام کی جانب سے زائد وزن کے بیاگیج روک دیئے جائیں تو انہیں واپس لانا حج کمیٹی آف انڈیا کی ذمہ داری نہیں ہوگی۔ عازمین حج اپنا کور نمبر، نام، پتہ، فلائیٹ نمبر اور ایمبارگیشن پوائنٹ سوٹ کیس پر چسپاں کریں۔ واپسی میں زم زم کے کیان اور بوتلیں لانے کی اجازت نہیں رہے گی اور ایر پورٹ پر انہیں ضبط کرلیا جائے گا۔ حجاج کرام کی واپسی پر ان کے ایمبارگیشن پوائنٹ پر 5 لیٹر کا زم زم حوالے کیا جائے گا۔ اسی دوران ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ کے مطابق 20 مئی سے ضلع واری سطح پر عازمین حج کی میڈیکل اسکریننگ اور ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز ہوگا۔ ہر ضلع میں سرکاری ہاسپٹل میں اس کی گنجائش رہے گی۔ حیدرآباد میں میڈیکل اسکریننگ اور ٹیکہ اندازی کیلئے جن ہاسپٹلس کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں عثمانیہ، گاندھی، ملک پیٹ، نامپلی، کنگ کوٹھی اور خیریت آباد کے ہاسپٹلس شامل ہیں۔ر