200 یونٹ مفت برقی و 500 روپئے میں گیس سلینڈر اسکیم کو کابینہ کی منظوری

,

   

ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ ۔ گروپ 1 میں مزید 160 جائیدادوں کی شمولیت ۔ 8 فبروری سے اسمبلی بجٹ اجلاس
ہائیکورٹ کی نئی عمارت کیلئے 100 اراضی الاٹمنٹ کی توثیق ۔نظام شوگر فیکٹری کے احیاء سے اتفاق ۔ ریاستی کابینہ میں اہم فیصلے

حیدرآباد۔4۔فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے کابینہ کے اجلاس کے دوران انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے ریاست میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کو منظوری دینے کے ساتھ کانگریس پارٹی کی مزید دو ضمانتوں پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ کے فیصلہ کے مطابق 200یونٹ مفت برقی اور 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی فراہمی کو منظوری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر مزید دو ضمانتوں کے متعلق اسمبلی اجلاس میںاعلان کریں گے۔کابینہ نے گروپ I کی مخلوعہ جائیدادوں میں مزید 160جائیدادوں کو شامل کرکے دوبارہ اعلامیہ کی اجرائی کو منظوری دی ہے۔ انتخابات سے قبل کئے گئے وعدہ کی تکمیل کو منظوری دینے کے علاوہ کابینہ نے تلنگانہ تحریک کے دوران استعمال کئے جانے والے ’گانے ‘ کو ریاستی ترانہ کے طور پر منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ 4 گھنٹے طویل اجلاس میںکابینہ نے انتہائی اہم فیصلے کرتے ہوئے 8 فروری سے اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کے فیصلوں میں تلنگانہ میں TS کی جگہ TGکے استعمال کو بھی منظوری دی گئی ہے جیسا کہ کہا جار ہاتھا ۔ حکومت نے ’تلنگانہ تلی‘ کے مجسمہ کو تبدیل کرنے کے علاوہ حکومت تلنگانہ کے ایمبلم کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ اجلاس میںتلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے کابینہ نے100 ایکڑ اراضی کی تخصیص کو منظوری دے کر جلد تعمیراتی کاموں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ میں چیف منسٹر کے حلقہ انتخاب کوڑنگل کی ترقی کیلئے حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے طرز پر کوڑنگل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی تشکیل کو منظوری دی گئی ہے۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موجود آئی ٹی آئی مراکز کو حکومت نے اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹر کے طور پر ترقی دینے کو منظوری دی ہے۔ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی اور ڈی سریدھر بابو نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل جن 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا اعلان کیا تھا ان پر بہر صورت عمل کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام سے وعدوں کو پورا کیا جائے گا ۔ سریدھر بابونے بتایا کہ حکومت نے عوام سے کئے گئے مزید دو وعدوں کو پورا کرنے اقدامات کرکے ریاست میں 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کے علاوہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کی فراہمی کو منظوری دی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت اندرون ایک سال 2لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور کابینہ میں محکمہ زراعت میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ تلنگانہ تلی کے مجسمہ کو تبدیل کیا جائیگا تاہم عوامی رائے کے ذریعہ تلنگانہ تلی کے نئے مجسمہ کی تیاری عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کو بھی منظوری دی ہے۔سرینواس ریڈی نے بتایا کہ اسمبلی اجلاس میں چیف منسٹر مزید دو ضمانتوں کے متعلق اعلان کریں گے۔ 8فروری سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس کے پہلے دن گورنر کے خطبہ کو منظوری دی گئی ۔3ٖ