2024 میں تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار یقینی : امیت شاہ

   

نادینڈلہ بھاسکر راؤ اور تلگو دیشم لیڈر وینو گوپال کی بی جے پی میں شمولیت
شمس آباد ۔ 7۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شمس آباد میں کے ایل سی سی کنونشن ہال میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم میں بی جے پی صدر و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے رکنیت سازی پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس سے قبل وہ مامیڈی پلی میں ایک خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مکان میں طعام اور چائے نوش کی ۔ بعد ازاں وہ شمس آباد پہنچے یہاں انہوں نے رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا ۔ امیت شاہ کی آمد پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور سینئیر افسران پولیس نے ایرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔ امیت شاہ نے ایرپورٹ میں سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورسیس ( سی آئی ایس ایف ) کے افسران کے ساتھ اجلاس طلب کیا ۔ بعد ازاں کے ایل سی سی کنونشن سنٹر روانہ ہوئے ۔ جہاں آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر نادینڈلہ بھاسکر راؤ نے امیت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ایک وہ بھی وقت تھا جب لوک سبھا میں بی جے پی کے صرف دو ارکان تھے اور اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی نے بی جے پی کے ان دو ارکان کو ’ ہم دو ہمارے دو ‘ کہتے ہوئے مذاق اڑایا تھا اور آج خود کانگریس ایوان زیریں میں اپوزیشن لیڈر کا موقف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ بکاوینو گوپال تلگو دیشم اسٹیٹ سکریٹری نے ڈاکٹر لکشمن ریاستی بی جے پی صدر کی قیادت میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ امیت شاہ نے پارٹی کھنڈوا پہناتے ہوئے پارٹی میں ان کا استقبال کیا ۔ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی 2024 میں تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے چار ارکان پارلیمنٹ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ تلنگانہ میں بھی بی جے پی اقتدار حاصل کرسکتی ہیں ۔ ہمارا اگلا نشانہ تلنگانہ ہے جس کو ہم 2024 میں اقتدار حاصل کریں گے ۔ عوام سے خطاب کے بعد وہ نووٹل ہوٹل کے لیے روانہ ہوگئے جہاں وہ پارٹی کے اہم قائدین سے ملاقات کے بعد وہ دہلی کے لیے روانہ ہوئے ۔۔