2025تک نصف دنیا پانی سے محروم ہوجائے گی:اقوام متحدہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث آبی ذخائر میں خطرناک کمی آتی جارہی ہے۔ پانی کے عالمی دن کے موقع پر جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ زیر زمین پانی پر انحصار بڑھنے سے کنویں سوکھ رہے ہیں، جب کہ سطح زمین پر بھی پانی ختم ہورہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند دہائیوں میں سطح پر موجود پانی کی کمی کی وجہ سے بے تحاشہ زیر زمین پانی نکالا جاچکا ہے جس کے باعث اب اس کی کمی واقع ہونے لگی ہے۔ زیر زمین پانی انسانوں، جانوروں اور نباتات کے لیے فراہمی آب کا اہم ذریعہ ہے لیکن اس کا بے تحاشہ اور غیر محتاط استعمال باعث تشویش ہے۔ اس وقت جنوبی ایشیا میں زراعت کے لیے استعمال ہونے والا 90 فیصد پانی زمین سے نکالا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے اکثر ممالک میں کنویں اور دیگر آبی ذخائر خشک ہوتے جارہے ہیں۔ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے کا قدرتی ذریعہ باقاعدگی سے بارش ہونا ہے ، تاہم بدلتے ہوئے موسم کی وجہ سے بارش میں کمی اس اضافے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر زیر زمین پانی کے ذخائر سوکھ گئے تو کئی ممالک میں زراعت بری طرح متاثر ہوگی اور اس طرح دنیا غذائی بحران کا شکار ہوجائے گی۔