2025 میں عالمی سطح پر 128 صحافیوں کی ہلاکت

   

نیویارک ۔ 2 جنوری (ایجنسیز) انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے جمعرات کو کہا کہ 2025 میں دنیا کے طول و عرض میں کل 128 صحافی ہلاک ہوئے جن میں سے نصف سے زیادہ ہلاکتیں شرقِ اوسط میں ہوئیں۔ آئی ایف جے کے جنرل سکریٹری انتھونی بیلونزے نے اے ایف پی کو بتایا کہ 2024 سے لے کر اب تک کی سنگین تعداد صرف ایک عدد نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے ساتھیوں کیلئے عالمی سطح پر شدید خطرہ کی علامت ہے۔ پریس گروپ نے فلسطینی علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی خطرے کی گھنٹی بجائی جہاں اس نے 2025 میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے دوران 56 میڈیا پروفیشنلز کی ہلاکتیں ریکارڈ کیں۔بیلونزے نے کہا، “ہم نے ایسا کبھی نہیں دیکھا: اتنے کم وقت میں اور اتنے مختصر علاقہ میں اتنی زیادہ اموات۔یمن، یوکرین، سوڈان، پیرو، بھارت اور دیگر مقامات پر بھی صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ بیلونزے نے اس کی مذمت کی جو ان کے نزدیک حملوں ملوث افراد کیلئے ’معافی‘ ہے۔ انصاف نہ ہو تو صحافیوں کے قاتل آزادانہ گھومتے رہتے ہیں، انہوں نے خبردار کیا۔ دریں اثناء آئی ایف جے نے کہاکہ تمام دنیا میں اس وقت 533 صحافی جیل میں ہیں۔ یہ تعداد گذشتہ نصف عشرے کے دوران دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔چین ایک بار پھر رپورٹرز کے بدترین جیلر کے طور پر سرِفہرست ہے جس میں 143 سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
اور ہانگ کانگ کے حکام کو مغربی ممالک نے اختلاف رائے ختم کرنے کیلئے قومی سلامتی کے قوانین نافذ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔شمار کے مختلف طریقوں کی وجہ سے ہلاک شدہ صحافیوں کی تعداد آئی ایف جے کے نزدیک اس سے کہیں زیادہ ہے جو عموماً رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے فراہم کی ہیں۔ اس سال آئی ایف جے کی تعداد میں نو حادثاتی اموات بھی شامل ہیں۔رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے کہا ہے کہ گذشتہ سال 67 صحافی اپنے کام کے دوران ہلاک ہوئے جبکہ یونیسکو نے یہ تعداد 93 بتائی ہے۔