آسٹن؍ٹیکساس ۔ تین امریکی دوستوں نے صرف 5 دن، 13 گھنٹوں اور 10 منٹ میں تمام 50 امریکی ریاستوں کا دورہ کرکے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ایسے ریکارڈ بنائے گئے ہیں ان میں تھامس کینن اور جسٹن مورس کا بھی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 5 روز 16 گھنٹوں اور 20 منٹ میں 50 امریکی ریاستوں کا دورہ کیا تھا۔ آسٹن کے 2 دوستوں پیٹرمک کونویل اور پاویل پاشا کروشیٹوف اور منی پولس کے عبداللہ صلاح نے مل کر یہ سفر طے کیا ہے۔ تینوں دوستوں نے ورمونٹ سے یہ سفر شروع کیا تھا۔ تینوں دوستوں نے کار کے ذریعے اپنا سفر مکمل کیا جبکہ ہوائی اور الاسکا جانے کے لیے انہوں نے ہوائی جہاز کا سفر کیا کیونکہ وہاں سڑک سے جانا ممکن نہ تھا۔ یہ سفر انہوں نے 5 دن، 13 گھنٹوں اور 10 منٹ میں مکمل کیا ہے۔