3 ماہ کے راشن چاول ایک ساتھ تقسیم کرنے مرکزی حکومت کا اہم فیصلہ

   

مئی کے اواخر تک اپنا کوٹہ حاصل کرلینے ریاستی حکومتوں کو مشورہ ، تلنگانہ میں جون سے ہوگی عمل آوری
حیدرآباد۔15 مئی (سیاست نیوز) راشن شاپس پر چاول کی تقسیم کے معاملے میں مرکزی حکومت نے اہم اقدام کیا ہے۔ 3 مہینوں کا کوٹہ ایک ساتھ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے مختلف ریاستوں کیلئے مختص راشن کوٹہ کو فوری حاصل کرلینے کا مشورہ دیا ہے، اور ساتھ ہی مئی کے اواخر تک تمام راشن کارڈ ہولڈرس میں چاول تقسیم کرنے کی ہدایت دی۔ مرکزی وزارت خوراک و عوامی تقسیم میں تمام ریاستوں کو اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں۔ مرکزی حکومت کے اچانک اس فیصلے پر سارے ملک میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے اور سب اِس کو قابل تعریف اقدام قرار دے رہے ہیں۔ اس طرح چاول کی پیشگی تقسیم سوائے کورونا دور کے بعد ، پہلی مرتبہ کی جارہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ جنگ ٹل چکی ہے اور جنگ بندی کے معاہدہ نے عارضی طور پر امن قائم کیا ہے، لیکن تین ماہ کے چاول ایک ساتھ تقسیم کرنے کے فیصلے پر شبہات کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔ اناج کی تقسیم کا فیصلہ صرف جنگ اور آفات سماوی کے موقع پر لیا جاتا ہے، تاکہ عوام کو خوراک کی قلت نہ ہو۔ ان شکوک و شبہات کو دُور کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدامات آنے والے مانسون کے موسم میں سیلاب اور دیگر منفی موسمی حالات سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ مئی کے اوآخر تک انہیں الاٹ کردہ چاول حاصل کرتے ہوئے 3 ماہ کا چاول ایک ساتھ فوری تقسیم کرنے کے اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا ( ایف سی آئی ) نے متعلقہ علاقوں کے مینیجرس کو گوداموں میں مناسب ذخیرہ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکز کے احکامات کے بعد ملک کی مختلف ریاستیں چاول کی تقسیم کی تیاریاں کررہی ہیں۔ تلنگانہ میں ماہ جون کے دوران چاول تقسیم کرنے کا محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ مرکزی وزارت خوراک اور عوامی تقسیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر راہول سنگھ نے ملک کی تمام ریاستوں کو سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹس کے پرنسپل سیکریٹری کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ جون ، جولائی اور اگست کے مہینوں کا چاول راشن کارڈ ہولڈرس میں 30 مئی تک تقسیم کردیں۔ راہول سنگھ نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ چاول کی پیشگی لفٹنگ اور تقسیم کے عمل کے دوران گوداموں میں وافر ذخیرہ موجود ہو اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ تال میل میں ضروری تعاون کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے مرکز کو مطلع کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ جون میں تین ماہ کا کوٹہ جاری کرے گی، کیونکہ اپریل کا کوٹہ راشن چاول کی تقسیم کا عمل تکمیل کے قریب ہے۔ تلنگانہ کو ماہانہ 1.7 لاکھ میٹرک ٹن چاول کی ضرورت ہے۔ 3 ماہ کیلئے ریاست کو تقریباً 5 لاکھ میٹرک ٹن چاول کی ضرورت پڑے گی۔ 2