بنگلور۔ 27 ستمبر (یو این آئی) کرناٹک کے عوام کی بنگلور اور ممبئی کو جوڑنے والی ایک سوپر فاسٹ ٹرین کی 30 سال پرانی خواہش اب پوری ہونے والی ہے ۔وزیر ریل اشونی ویشنو نے بنگلور جنوبی کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریا کے ساتھ ہوئی ملاقات کے بعد اس کی تصدیق کی۔ ملاقات کے بعد سوریا نے کہا کہ دہائیوں سے لوگ ان دو بڑے میٹرو شہروں کے درمیان ایک تیز ریل رابطہ کی مانگ کر رہے تھے ۔ اب تک صرف اودھان ایکسپریس ہی بنگلور اور ممبئی کو جوڑتی تھی۔ صرف 2023 اور 2024 میں دونوں شہروں کے درمیان ہوائی مسافروں کی تعداد 26 لاکھ تک پہنچ گئی، جس سے نقل و حمل کے ایک متبادل ذریعہ کی فوری ضرورت محسوس کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں وزیر ریل اشونی ویشنو سے بہت مثبت خبر ملی کہ ایک سوپر فاسٹ ٹرین جلد ہی شروع ہوگی، جس سے ہزاروں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ سوریا نے کہا کہ یہ 30 برسوں سے التوا میں تھا اور آخرکار یہ حقیقت بننے جارہا ہے ۔ کرناٹک کے عوام کی طرف سے میں اس پہل کی حمایت کرنے کے لیے وزارت ریل اور وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔