31سعودی خواتین نے بلٹ ٹرین چلانے کی تربیت مکمل کرلی

   

حیدرآباد۔7۔اگسٹ(سیاست نیوز) سعودی عرب میں اصلاحات کا عمل تیز ہونے کے نتیجہ میں جہاں خواتین کار نہیں چلایا کرتی تھی اب وہ تیز رفتار ٹرین چلانے لگی ہیں۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ براہ جدہ چلائی جانے والی ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کے لئے 31 ٹرین ڈرائیور خواتین تیار ہوچکی ہیں اور وہ ٹرین چلانے کی تربیت مکمل کرتے ہوئے اب مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے درمیا ن چلائی جانے والی تیز رفتار ٹرین چلائیں گی۔ سعودی ریلوے پالی ٹیکنک اور ہسپانوی کمپنی رینف جو کہ ہائی اسپیڈ ریل کے امور کی نگرانی کر رہے ہیں کی جانب سے 30 خاتون ٹرین ڈرائیور کی تربیت کے لئے جب اعلامیہ جاری کیا گیا تھا تو اس وقت بڑی تعداد میں خواتین نے ٹرین چلانے کی تربیت حاصل کرنے کے لئے درخواستیں داخل کی تھیں جن کی تعداد 28ہزار سے تجاوز کرچکی تھی انتظامیہ نے ان میں سے 145خواتین کو انٹرویو کے لئے طلب کیا تھا اور 34خواتین کو ٹرین چلانے کی تربیت فراہم کرنے کے لئے منتخب کیا گیا تھا جن میں 31خواتین نے اپنی تربیت مکمل کرلی ہے اور وہ اب تیز رفتار ٹرین چلانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔سعودی عرب میں فی الحال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین خدمات چلائی جا رہی ہیں اور آئندہ چند ماہ کے دوران دیگر سعودی شہروں کے لئے بھی یہ خدمات شروع کی جاسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماہ ڈسمبر تک مزید 10 سعودی شہروں کے لئے ہائی اسپیڈ ٹرین خدمات کے آغاز کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران تمام تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔ مستقبل میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حجاج اکرام اور معتمرین کے علاوہ زائرین روضۂ رسولﷺ کی بڑی تعداد اس تیز رفتار ٹرین خدمات سے استفادہ حاصل کرے گی اور ان ٹرینوں کی خدمات میں بھی اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔ 31خاتون ٹرین ڈرائیورس کی تربیت کی تکمیل کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے تربیت کنندگان نے بتایا کہ ان خاتون ٹرین ڈرائیورس کو 483 گھنٹوں کی عملی مشق کروانے کے بعد اس بات کی طمانیت حاصل کی گئی ہے کہ یہ ٹرین چلانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ تربیت کے دوران انہیں صیانتی امور‘ بنیادی ریلوے معلومات‘ فائر سیفٹی کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی گئی ہے جو کہ ٹرین چلانے والے ہر ڈرائیور کی تربیت کا لازمی جز ہے۔ سعودی ریلوے پالی ٹیکنک کے مطابق ٹرین چلانے کی تربیت کے لئے درخواستوں کی وصولی کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ درخواست گذاروں میں 70 فیصد سعودی خواتین شامل ہیں جبکہ 30 فیصد مردوں نے ٹرین چلانے کی تربیت کے حصول کے لئے درخواستیں داخل کی تھیں۔م