گاندربل۔ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقہ ریشی پورہ سالورہ میں واقع ولی کامل حضرت سید قمر الدین بخاریؒ کا سالانہ عرس 33 سال بعد منانے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئر پرسن نزہت اشفاق اور ڈی سی گاندربل نے فن فیئر میلے کا افتتاح کیا جو اس عرس کا ایک حصہ ہے۔ سالانہ عرس کی تقریبات 3 ستمبر 2022 سے شروع ہوئی جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی۔سید قمرالدین بخاریؒ کا عْرس قمریہ مسلم وقف ٹرسٹ کے زیر اہتمام 6 ستمبر تک ہر روز نماز عصر کے بعد نماز مغرب تک ختمات المعظمات کی روح پرور مجالس کا انعقاد کیا گیا جائے گا۔ جس کی قیادت جامع مسجد قمریہ کے امام و خطیب مولوی بشیر احمد لون کریں گے۔اس کے بعد 7 ستمبر کو شب عرس کی مناسبت سے نماز عشاء سے نماز فجر تک توبہ استغفار، اذکار، ختمات المعظمات کی مجلس ہوگی جس کی قیادت مولانا عبدالرشید داؤدی کریں گے۔ عرس کے بعد آنے والے جمعہ 9 ستمبر کو جامع مسجد قمریہ میں اولیاء کرام کانفرنس کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں نامور عالم دین مولانا خورشید احمد قانونگو، ‘شان اولیاء کے موضوع پر خطاب کریں گے۔