4.08کیلو سونے کے ساتھ چار افراد گرفتار

   

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ڈی آر آئی حیدرآباد کا پریس نوٹ
شمس آباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد میں ڈی آر آئی حیدرآباد زونل یونٹ عہدیداروں نے پانچ مختلف مقامات میں چار افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 4083.46 گرام سونا ضبط کرلیا ۔ ڈی آر آئی حیدرآباد زونل یونٹ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل نے پریس نوٹ میں بتایا کہ حیدرآباد ایرپورٹ کومختلف ممالک سے آنے والے افراد سونے کی اسمگلنگ کررہے تھے جسے ناکام بنایا گیا۔ دبئی سے آنے والی ایک فلائیٹ کے مسافر کی تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے 840.78 گرام سونا ، مسقط سے آنے والی فلائیٹ کے مسافر کے مائیکرو ویو اوون میں700 گرام ، دبئی کی ایک اور فلائیٹ کے مسافر کے قبضہ سے 4 کیپسولس جس کا وزن 928 گرام اور سعودی سے آنے والی ایک فلائیٹ کے دو مسافرین کے قبضہ سے ایک مسافر سے 797.24 گرام اور دوسرے مسافر کے قبضہ سے 817.24 گرام کے گولڈ پیسٹ کو ضبط کرتے ہوئے پانچ مقدمات میں چار افراد کو گرفتار کرکے کسٹمس ایکٹ 1962 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ سونے کا جملہ وزن 4083.46 گرام جس کی مالیت ایک کروڑ 66 لاکھ روپئے کو ضبط کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔