12 کروڑ سے مرمتی اور تزئین نو کے کام انجام دیئے جائیں گے
حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کی جانب سے 400 سالہ قدیم قطب شاہی یادگار شیخ پیٹ سرائے کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اولڈ ممبئی ہائی وے پر موجود شیخ پیٹ سرائے کی تعمیر و مرمت کے ذریعہ اسے بحال کیا جائے گا ۔ کمپیاؤنڈ وال ، ٹائلیٹس اور پارکنگ ایریا کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ایچ ایم ڈی اے نے تعمیری کاموں کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے ہیں جس کی لاگت 12 کروڑ سے زائد ہیں۔ ابراہیم قطب شاہ نے 16 ویں صدی میں شیخ پیٹ سرائے تعمیر کیا تھا جو گولکنڈہ قلعہ آنے والے تاجروں کیلئے آرام گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا ۔ حکام نے گولکنڈہ کے علاوہ گنبدان قطب شاہی ، تارہ متی بارہ متی کے ساتھ شیخ پیٹ سرائے کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالیہ عرصہ میں شیخ پیٹ سرائے ٹرک آپریٹرس کیلئے گاڑیوں کو لوڈ اور ان لوڈ کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ اطراف کے علاقہ میں تیز رفتار ترقی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسے سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسمبر 2022 میں اس وقت کے پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے اعلان کیا تھا کہ سرائے کو ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے بحال کیا جائے گا ۔ یہ علاقہ تین ایکر اراضی پر محیط ہے جس میں 29 کمرے ہیں۔ سرائے کے تحت ایک مسجد اور ایک گنبد بھی موجود ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ شیخ پیٹ سرائے جلد ہی اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ 1