4000 میگا واٹ کے یادادری برقی پلانٹ کی آئندہ جنوری تک تکمیل : بھٹی وکرامارکا

   

اراضی سے محروم 500 افراد کو روزگار کی فراہمی، احکامات تقرر حوالے، ریاست میں برقی طلب میں اضافہ کے باوجود موثر سربراہی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر برقی بھٹی وکرامارکا نے یادادری پاور پلانٹ کے لئے اراضی حوالے کرنے والے 500 خاندانوں میں ملازمت کے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے وعدہ کے مطابق اراضی سے محروم خاندانوں کو روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے اور استفادہ کنندگان میں احکامات تقرر حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور اے لکشمن کمار کے علاوہ محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے اعلان کیا کہ 4000 میگا واٹ کی صلاحیت والا یادادری پاور پلانٹ 15 جنوری تک مکمل ہوجائے گا اور اسے قوم کے نام معنون کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گرین ٹریبونل نے اکتوبر 2022 میں ماحولیاتی منظوریوں پر حکم التواء جاری کیا جس کے بعد اس وقت کی حکومت نے پاور پلانٹ کے تعمیری کاموں کو دو برسوں تک نظر انداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تعمیر میں ایک دن کی تاخیر بھی نقصان کا سبب ہے کیونکہ پراجکٹ پر کئی ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ تاخیر کی صورت میں عوام پر بوجھ پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد فروری 2024 میں ماحولیاتی منظوری حاصل کی گئی اور تعمیری کاموں کی روزانہ کی اساس پر نگرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو ہفتہ واری تعمیری کیلینڈر جاری کیا جارہا ہے ۔ ہر ہفتہ شیڈول کے مطابق کام مکمل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے لائین کی تنصیب اور ورکرس کیلئے ٹاؤن شپ کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس آر فنڈس کے ذریعہ عالمی معیار کی تعلیمی اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ہر ضلع میں جو یادادری پاور پلانٹ کے تحت ہے، بہتر طبی اور تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ہر منڈل میں ایمبولنس کی سہولتیں دستیاب رہے گی اور سی سی روڈس اور فلائی اوورس تعمیر کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے برقی سربراہی کے سلسلہ میں حکومت کے خلاف بعض گوشوں کی جانب سے مہم کی مذمت کی اور کہا کہ کانگریس کا مطلب برقی اور برقی کا مطلب کانگریس ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1978 میں کانگریس حکومت نے برقی تیاری کیلئے جاپان سے ٹکنالوجی حاصل کی تھی۔ کانگریس دور حکومت میں ہائیڈل، تھرمل ، سولار اور ونڈ پاور پراجکٹس تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے برقی پراجکٹس کی تعمیر کو نظر انداز کردیا جبکہ کانگریس حکومت گرین پاور جنریشن میں تلنگانہ کو ملک کا مرکز بنانا چاہتی ہیں۔ تلنگانہ حکومت 29 لاکھ زرعی پمپ سیٹس کو مفت برقی سربراہی پر 17 ہزار کروڑ صرف کر رہی ہے ۔ 51 لاکھ خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت برقی سربراہی اور برقی کی طلب میں اضافہ کے باوجود ریاست میں بلا وقفہ برقی سربراہی کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پراجکٹ میں اراضی سے محروم 500 خاندانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جینکو کے 159 ملازمین کے افراد خاندان کو ملازمت فراہم کی گئی جن کی سرویس میں موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی میں تلنگانہ حکومت نے ایک سال میں 60 ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔1