42% تحفظات کیلئے کویتا کی بھوک ہڑتال کا پوسٹر جاری

   

نظام آباد۔30 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر تلنگانہ جاگروتی صدر و بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا 72 گھنٹے طویل بھوک ہڑتال کرنے جارہی ہیں۔جس کا باضابطہ پوسٹر آج بنجارہ ہلز میں واقع ان کی قیام گاہ پر جاری کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ یہ بھوک ہڑتال 4 ؍ اگست کی صبح 10 بجے سے 7 ؍اگست کی صبح 10 بجے تک اندرا پارک میں انجام دی جائے گی۔ایم ایل سی کویتا نے بتایا کہ یہ احتجاج تلنگانہ جاگروتی اور یو پی ایف کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی سی طبقات کو قانونی تحفظات فراہم کرنے کے معاملے میں دونوں حکومتیں سنجیدگی اور نیک نیتی کا مظاہرہ نہیں کر رہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریاستی اسمبلی و قانون ساز کونسل میں منظوری کے باوجود اگر صدرِ جمہوریہ نے 42 فیصد تحفظات کے بل کو منظوری نہیں دی تو ریاستی حکومت اس کے خلاف عدالتی جدوجہد کیوں نہیں کر رہی؟کویتا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک بی سی طبقات کو مکمل 42 فیصد تحفظات حاصل نہیں ہوتے، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ان کی جدوجہد مسلسل جاری رہے گی۔ادھر بھوک ہڑتال کی اجازت کے لیے تلنگانہ جاگروتی کے قائدین نے سنٹرل زون ڈی سی پی کو مکتوب حوالے کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بی سی تحفظات کے لیے ایم ایل سی کویتا کی جانب سے انجام دی جانے والی 72 گھنٹے طویل پرامن بھوک ہڑتال کو باقاعدہ اجازت دی جائے۔