نئی دہلی ۔4؍اکتوبر( ایجنسیز )سونا اور چاندی خریدنے والوں کیلئے گذشتہ ہفتہ قیمتوں کے لحاظ سے کافی اہم رہا۔ ’ایم سی ایکس‘ سے لیکر گھریلو بازار تک دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی۔ جہاں چاندی کی قیمت میں فیوچر ٹریڈنگ میں 9151 روپے فی کلو کی کمی آئی، وہیں گھریلو بازار میں اس کی قیمت 11521 روپے تک گر گئی۔ دوسری جانب 24 کیرٹ سونے کی قیمت بھی 5 کاروباری دنوں میں گھریلو بازار میں 3975 روپے فی 10 گرام نیچے آ گئی۔ محض 5 کاروباری دنوں میں ’ایم سی ایکس سلور پرائز‘ میں 9151 روپے فی کلو کی گراوٹ آئی۔ اس گراوٹ کے بعد چاندی لائف ٹائم ہائی سے بھی کافی نیچے آگئی ہے۔ اس سال جنوری کے آخری ہفتے میں چاندی کی فیوچر قیمت تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 420048 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ انڈین بلین جیولرز ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ کے مطابق گھریلو بازار میں چاندی کی قیمت 5 کاروباری دنوں میں 232350 روپے سے گر کر 220829 روپے فی کلو رہ گئی۔ چاندی کی طرح سونے کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔