50 ممالک کا سفر اور باقاعدگی سے اسکول جانے والی 10 سالہ طالبہ

   

لندن : ہندوستانی نژاد برطانوی 10 سالہ ادیتی نے ایک دن بھی اسکول کی چھٹی کئے بغیر 50 ممالک کی سیر کرلی۔ کہتے ہیں کہ سیاحت دل کے ساتھ ساتھ دماغی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے، ایسی بات پر یقین رکھنے والے ادیتی کے والدین نے اپنی بیٹی کی تعلیم کا حرج کئے بغیر اپنی بیٹی کو دنیا گھما دی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی کے والدین برطانیہ میں مقیم ہیں اور دونوں اکاؤنٹنٹ ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی دنیا گھومے اور دنیا کے مختلف علاقوں کی ثقافت سے آشنا ہو اور اس کی تعلیم کا نقصان بھی نہ ہو۔ اس خواہش کو پورا کرنے کی خاطر وہ سال بھر میں تقریباً 20 ہزار پاونڈ کی رقم سیاحت پر خرچ کرتے ہیں اور اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ بیٹی کے اسکول کی موسم گرما کی چھٹیاں اور سرکاری تعطلات کے مطابق پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ اکثر ادیتی کو جمعہ کو اسکول سے لے کر سیاحت کیلئے نکل جاتے ہیں۔