مستحق خاندانوں کی نشاندہی کا آغاز، تلنگانہ میں 90 لاکھ کارڈ ہولڈرس، گھر گھر سروے کا امکان
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے مزید دو ضمانتوں پر جاریہ ماہ سے عمل کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان اسمبلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے۔ پکوان گیس سلینڈر کی 500 روپئے میں سربراہی اور 200 یونٹ ہر ماہ مفت برقی کی سربراہی کیلئے حکومت نے استفادہ کنندگان کے انتخاب کیلئے گائیڈ لائنس تیار نہیں کئے ہیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ استفادہ کنندگان کی اہلیت کا تعین کریں اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صرف غریب اور مستحق افراد حکومت کی ضمانتوں سے فیضیاب ہوسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے دو ضمانتوں سے استفادہ کیلئے راشن کارڈ کی شرط رکھی ہے۔ سفید راشن کارڈ کے حامل خاندان مستفید ہوپائیں گے۔ کابینہ نے اہلیت پر کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم عہدیداروں سے کہا گیا کہ غریب اور مستحق خاندانوں کو یہ دونوں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ عہدیدار دونوں اسکیمات کے امکانی استفادہ کنندگان کا تعین کرنے میں مصروف ہیں اور مختلف محکمہ جات سے تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ پرجا پالنا میں ایک کروڑ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ ریاست میں گھریلو گیس کنکشن کی تعداد 1.28 کروڑ ہے ان میں اہل خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ فوڈ سیکوریٹی کے تحت جاری کئے گئے کارڈز کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے تحت ریاست میں فوڈ سیکوریٹی کارڈز کی تعداد 9014263 ہے ۔دونوں ضمانتوں کیلئے 90 لاکھ افراد اہل قرار پائیں گے۔ ایسے خاندان جن کے پاس فوڈ سیکوریٹی کارڈ نہیں ہے لیکن وہ بی پی ایل خاندانوں کے تحت آتے ہیں ان کی نشاندہی کیلئے درخواستوں کی شخصی جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کی ٹیمیں ریاست میں گھر گھر پہنچ کر درخواستوں کا جائزہ لیں گی اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ حکومت ضمانتوں پر عمل میں سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ سے بچنا چاہتی ہے۔1