6 ڈیموکریٹک ارکان کا مودی کی تقریر کا بائیکاٹ

   

واشنگٹن : ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو دورہ امریکہ کے دوران مختلف مقامات پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا،مودوی نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے بعد کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا مگر امریکی صدر کی ڈیموکریٹک پارٹی کے6 اراکین نے مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے تقریر کا بائیکاٹ کردیا۔ بائیکاٹ کرنے والی مسلم رکن رشیدہ طلیب نے کہاکہ مودی سرکار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیرجمہوری اقدامات، اقلیتوں کو ہدف بنانے اور صحافتی پابندیوں میں ملوث رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ واشنگٹن میں امریکی صدر جو بائیڈن سے وزیراعظم نریندر مودی نے ملاقات کی تھی، اس ملاقات کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا تو کہیں سکھوں نے انڈیا شیم شیم اور گو بیک مودی کے نعرے لگائے۔ مودی جوبائیڈن ملاقات کے دوران مختلف ٹرکوں پر مودی کے خلاف نعرے درج تھے جب کہ ٹرکوں پر اسکرین کے ذریعہ مودی مخالف دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ یہی نہیں امریکی صدر اور ہندوستانی وزیراعظم کی پریس کانفرنس میں صحافیوں نے مودی سے ہندوستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق سوالات کیے۔