60 سال کی عمر میں مس یونیورس بننے والی خاتون

   

لندن:60 سال کی عمر میں ’مس یونیورس بیونس آئرز‘ کا تاج سر پر سجانے والی خاتون نے کہا ہے کہ ’عمر کسی قسم کی کوئی کمزوری نہیں بلکہ ایک اثاثہ ہے۔برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق الجانڈرا روڈریگز نے دو روز قبل ٹائٹل اپنے نام کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی اور جہاں دقیانوسی سوچ کو چیلنج کیا وہیں دنیا کو حیران بھی کیا ہے۔وہ مقابلہ حسن کی تاریخ میں پہلی 60 سالہ خاتون ہیں جنہوں نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور اس تاثر کو بھی رد کر دیا ہے جس میں لوگ خوبصورتی کو عمر سے جوڑتے ہیں۔عام طور پر ایسے ٹائٹل نوجوان دوشیزاؤں کے حصے میں آتے رہے ہیں۔ اس سے قبل مس یونیورس کے مقابلے میں صرف وہی خواتین حصہ لینے کی اہل تھیں جن کی عمر 18 سے 28 برس تک ہو۔مس یونیورس کے ٹائٹل کا اہتمام کرنے والے ادارے نے 2024 کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ مقابلے میں حصہ لینے والی خواتین کیلئے عمر کی حد ختم کر دی گئی ہے اور 18 سال سے زائد عمر کی کوئی بھی خاتون مقابلہ میں حصہ لے سکتی ہیں۔الجانڈرا روڈریگز پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 60 سال کی عمر میں ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ۔اگرچہ بعض ناقدین کی جانب سے ان پر شکوک کا اظہار بھی کیا گیا ہے تاہم اس تاثر کو لیکر آگے بڑھنے کیلئے وہ پرعزم ہیں کہ عمر کوئی کمزوری نہیں بلکہ اثاثہ بھی بن سکتی ہے۔