60 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے احکام جاری: سومیش کمار

   


عنقریب 16940 جائیدادوں پر تقررات کے احکامات، عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایات کے مطابق حکومت نے تاحال مختلف سرکاری محکمہ جات کی مختلف زمروں میں 60929 جائیدادوں پر تقررات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ مزید 16940 جائیدادوں پر تقررات کیلئے آئندہ چند دن میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات میں تقررات پر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن، میڈیکل ریکروٹمنٹ بورڈ، پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ، ڈی ایس سی اور دیگر اداروں کے ذریعہ تقررات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد تقررات کے عمل کو شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔ محکمہ جات سے کہا گیا ہے کہ وہ ضروری تفصیلات پبلک سرویس کمیشن کو جلد سے جلد روانہ کریں تاکہ آئندہ ماہ اعلامیہ جاری کیا جاسکے۔ سرویس رولس میں کی گئی تبدیلیوں کے مطابق اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تقررات کے عمل پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین بی جناردھن ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری جنگلات شانتی کماری، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر ایم ڈوبریال، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی، سکریٹری رگھونندن راؤ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر