64 سال کا طویل انتظار ختم ، روڈری کے نام بیلن ڈی اور ایوارڈ

   

میڈرڈ ۔ اسپین کے مڈفیلڈر روڈریگو ہرنینڈز نے سال 2024 کا بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔ وہ مردوں کے زمرے میں سال کے بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے۔ روڈریگو ہرنینڈز مداحوں میں روڈری کے نام سے مشہور ہیں۔ روڈری کے ایوارڈ جیتنے کے ساتھ ہی بیلن ڈی اورکا 64 سال پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ روڈری نے برازیل کے ونیسیئس جونیئر اور انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایوارڈ جیتا۔ دوسری جانب خواتین کے زمرے میں اسپین کی ایتانا بوناماٹی نے بھی خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس طرح اسپین نے سال 2024 کے بیلن ڈی آر ایوارڈ پر مکمل قبضہ کرلیا ہے۔ ہسپانوی مڈفیلڈر روڈری مانچسٹر سٹی کلب کے لیے کھیلتے ہیں۔ وہ مانچسٹر سٹی سے تعلق رکھنے والے پہلے مردوں کے فٹبالر ہیں اور بیلن ڈی آر ایوارڈ جیتنے والے اسپین کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ روڈری سے پہلے لوئس سواریز اور الفریڈو ڈی اسٹیفانو بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں۔ الفریڈو ڈی اسٹیفانو نے یہ ایوارڈ 1957 اور 1959 میں جیتا تھا جبکہ لوئس سواریز 1960 میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے اسپین کے آخری مرد کھلاڑی تھے اور روڈری نے اب 2024 تک اسپین کا 64 سالہ طویل انتظار ختم کردیا ہے۔ اس سال یورپی چمپئن شپ کا خطاب اسپین کو جتوانے میں روڈری نے اہم کردار ادا کیا۔ اس مقابلے کے فائنل میں اسپین نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ 28 سالہ روڈری مانچسٹر سٹی کے بھی ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ اس کلب نے 2023-24 میں مسلسل چوتھی بار پریمیئر لیگ کا خطاب جیتا ہے۔ 2008 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پریمیئر لیگ کے کسی کھلاڑی نے بیلن ڈی اور جیتا ہے۔