66,240 زرعی مزدوروں کے کھاتوں میں 39.74 کروڑ روپے جمع

   

اندرامّاں آتمیہ بھروسہ اسکیم کے تحت تاحال 50.65 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے
حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) حکومت نے جن اضلاع میں انتخابی ضاطبہ عمل نافذ نہیں ہے ان میں اندرامّاں آتمیہ بھروسہ اسکیم کے تحت 66,240 زرعی مزدوروں کے بینک کھاتوں میں 39.74 کروڑ روپے جمع کردیئے ہیں۔ چیف منسٹر نے 26 جنوری کو اندرامّاں آتمیہ بھروسہ اسکیم کا افتتاح کیا تھا۔ ہر منڈل کے ایک گاؤں کو پائلٹ پراجکٹ کے تحت منتخب کرتے ہوئے گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے بعد سے زرعی مزدوروں کے بینک کھاتوں میں فنڈس جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ جملہ 18,180 زرعی مزدوروں کے بینک کھاتوں میں فی کس 6 ہزار روپے کے حساب سے رقم جمع کی گئی تھی۔ اس دوران کونسل انتخابی ضابطہ عمل نافذ ہونے سے اس اسکیم کو روک دیا گیا تھا، تاہم حکومت نے جن اضلاع میں ضابطہ اخلاق نافذ نہیں ہے ان میں اسکیم کے ذریعہ اہل افراد میں رقم تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اضلاع رنگاریڈی اور محبوب نگر کے زرعی مزدوروں کے بینک کھاتوں میں یہ رقم جمع کرائی ہے۔ ان دونوں اضلاع کے 66,240 زرعی مزدوروں کے کھاتوں میں 39.74 کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔ اندرا مّاں آتمیہ بھروسہ اسکیم کے تحت تاحال جملہ 83.420 زرعی مزدوروں کے بینک کھاتوں میں 50.65 کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔ کونسل کے انتخابی ضابطہ عمل کے اختتام کے بعد ماباقی اضلاع میں زرعی مزدور کے بینک کھاتوں میں اسکیم کے تحت رقم جمع کی جائے گی۔ 2