اقامتی اسکولس کا قیام حکومت کا کارنامہ، وزیر تعلیم اور چیف سکریٹری کا دورہ ضلع رنگاریڈی
حیدرآباد۔یکم؍فروری، ( سیاست نیوز ) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ حکومت تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے سرکاری مدارس میں انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے رنگاریڈی ضلع کے کندکور منڈل میں سرکاری اسکول کا دورہ کرتے ہوئے ’ میراگاؤں۔ میرا اسکول ‘ پروگرام میں حصہ لیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری اور زیڈ پی چیرمین ٹی انیتا ہریناتھ ریڈی کے علاوہ سکریٹری محکمہ تعلیم کرونا ، ڈائرکٹر محکمہ تعلیم دیوا سینا اور ضلع کلکٹر اموئے کمار کے ہمراہ سرکاری اسکول میں انفراسٹرکچر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ طرز پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت ریاست میں 26 ہزار سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 9 ہزار اسکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے تحت رنگاریڈی ضلع کے 464 اسکول شامل ہیں جہاں بنیادی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں کا معیار خانگی اسکولوں کے مساوی ہوچکا ہے۔ دیہاتوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ شہری اسکولوں سے مسابقت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طلبہ کیلئے انگلش میڈیم اقامتی اسکولس قائم کئے گئے تاکہ مفت میں کارپوریٹ طرز کی تعلیمی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں کی ترقی کیلئے 7200 کروڑ منظور کئے گئے۔ ہر اسکول میں 12 مختلف سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ تعلیمی سال سے پہلی تا آٹھویں جماعت انگلش میڈیم تعلیم کو متعارف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سرکاری اسکولوں کا احاطہ کرتے ہوئے بنیادی سہولتوں کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سبیتا اندرا ریڈی نے کلاسیس کا دورہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے بات چیت کی۔ر