7 تا 9 دسمبر پرجا پالنا وجئے اتسو کی اختتامی تقریب

   

مجسمہ تلنگانہ تلی کی نقاب کشائی ، بڑے پیمانے پر پروگرام ، چیف سکریٹری شانتی کماری کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔4۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے 7تا9 ڈسمبر کے دوران منعقد کی جانے والی ’پرجا پالنا وجئے اتسو ‘ کی اختتامی تقاریب کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ ان پروگرامس بالخصوص سیکریٹریٹ میں ’تلنگانہ تلی‘ مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب کے سلسلہ میں خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 3روزہ تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقادکا فیصلہ کیا ہے اور ٹینک بنڈتا راجیو گاندھی جنکشن ‘ سیکریٹریٹ تا اندراگاندھی مجسمہ اور نکلس روڈ پر پی وی نرسمہا راؤ مارگ تک خصوصی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے اور اس کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جار ہی ہیں۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ نے محکمہ پولیس‘ محکمہ بلدی نظم و نسق‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ 7تا9 ڈسمبر کے دوران ٹینک بنڈ ‘ این ٹی آر مارگ‘ راجیو گاندھی جنکشن اور اندرا گاندھی جنکشن کے قریب مختلف تہذیبی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے اور ان پروگرامس کے دوران ملک کے سرکردہ موسیقاروں کی جانب سے پروگرام پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے علاوہ ازیں ان مقامات پر شہر کی سرکردہ ہوٹلوں ‘ ریستوران اور مختلف محکمہ جات کے اسٹالس لگائے جائیں گے۔ محترمہ شانتی کماری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان پروگرامس کے لئے خصوصی انتظامات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ 9 ڈسمبر کو ’تلنگانہ تلی ‘ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے موقع پر زائد از ایک لاکھ افراد کے پہنچنے کی توقع ہے اسی لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جانے چاہئے ۔ سہ روزہ پروگرامس کے دوران ٹینک بنڈ کے قریب ڈرون شو‘ آتشبازی ‘لیزر شو منعقد کئے جائیں گے ۔ محترمہ شانتی کماری نے کہا کہ اس راہداری پر 120 اسٹالس لگانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔جن میں دستکاری اور تلنگانہ تہذیب کو آشکار کرنے والے اسٹالس بھی شامل ہیں۔ نوجوانوں کو ان پروگرامس کی جانب سے راغب کرنے کے لئے سیلفی پوائنٹس بھی بنانے کافیصلہ کیاگیا ہے ۔ جائزہ اجلاس کے دوران مشیر برائے حکومت تلنگانہ مسٹر سرینواس راجو‘ سیکریٹری داخلہ مسٹر روی گپتا‘ چیف سیکریٹری فینانس مسٹر راما کرشنا راؤ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق‘ سیکریٹری جے اے ڈی مسٹر رگھونندن راؤ‘ سیکریٹری ٹورازم اینڈ کلچر محترمہ سمیتاسبھروال‘ کے علاوہ دیگر اہم عہدیدار موجود تھے ۔ محترمہ شانتی کماری نے ان تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں کنٹرول روم کے قیام کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان ایام کے دوران بڑی تعداد میں عوام کے پروگرامس میں شرکت کی توقع کے پیش نظر ٹینک بنڈ اور نکلس روڈ پر موبائیل بیت الخلاء کے علاوہ دیگر خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔3