چنڈی گڑھ: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیپندر ہڈا نے آج ہریانہ میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر شہری انتخابات میں “جیت کے خوش فہمی” پالنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 75 فیصد شہری ووٹروں نے پارٹی کو مسترد کر دیا۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری انتخابات میں ڈالے گئے کل 1271782 ووٹوں میں سے 333873 ووٹ بی جے پی کوملے ہیں یعنی ہر چار میں سے تین ووٹروں نے بی جے پی کوخارج کیا۔ ہڈا نے کہا کہ اس سے قبل بی جے پی کوشہری انتخابات میں اتنے کم ووٹ نہیں ملے تھے اور یہ بی جے پی کی کم ہوتی حمایت کی علامت ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ سوچنے کی بات ہے کہ بی جے پی کو شہروں میں جب 26 فیصد ووٹ ملے ہیں تو دیہات میں ان کی کیا حالت ہوگی؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے دیہات سے لے کر شہروں تک لوگ مخلوط حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ، نائب وزیراعلیٰ سمیت حکومت میں بیٹھے کئی وزراء بھی اپنے حلقوں میں ساری طاقت جھونکنے کے باوجود پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی نہیں دلاسکے ۔ ریاست کے وزیراعلیٰ کے ضلع کرنال میں چارمیں سے تین بلدیات میں بی جے پی کو شکست ہوئی، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ کے حلقے اُچانا میں جے جے پی امیدوارکہیں مقابلے میں بھی نہیں نظرآئے ۔انہوں نے واضح کرنا چاہا کہ سامنے کانگریس پارٹی انتخابی میدان میں نہیں تھی، حالانکہ کانگریس پارٹی نے اپنے کارکنوں کو الیکشن لڑنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی تھی اوردعویٰ کیا کہ آزاد امیدواروں، جن میں بیشتر کانگریس کے کارکن تھے ، کو 663669 ووٹ ملے جو بی جے پی کو ملے ووٹوں سے دوگنے تھے ۔