8ویں فہرست میں گڑھوالی، کماؤنی زبانوں کو شامل کرنے کا پارلیمنٹ میں مطالبہ

   

نئی دہلی : آج لوک سبھا میں گڑھوالی، کماؤنی اور جونسری زبانوں کو آئین کی 8ویں فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے تیرتھ سنگھ راوت نے وقفہ صفر کے دوران لوک سبھا میں یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ان زبانوں کو بولنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ان تمام زبانوں میں اچھا ادب بھی لکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان زبانوں کے ادب میں پہاڑ کی خوبصورتی، اس کی ثقافت اور طرز زندگی کو بڑے پیمانے پر پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہاڑ خوبصورت ہیں، اسی طرح یہ تمام زبانیں بھی بہت خوبصورت ہیں اور انہیں آئین کی آٹھویں فہرست میں شامل کیا جائے ۔مسٹر راوت نے کہا کہ اتراکھنڈ کی کئی تنظیمیں طویل عرصے سے ان زبانوں کو آئین کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں اور کئی بار یہ مطالبہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا گیا ہے لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی۔