803 کیلو گانجہ ضبط، 5 افراد گرفتار اور 2 مفرور

   

بال نگر ایس او ٹی اور شمس آباد پولیس کی مشترکہ کارروائی

شمس آباد 4 اگست (سیاست نیوز) شمس آباد پولیس اور بال نگر ایس او ٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 803 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ شمس آباد زون ڈی سی پی بی راجیش نے سائبرآباد کمشنر آفس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے تفصیلات بتائی کہ شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ میں آؤٹر رنگ روڈ پر ایک ڈی سی ایم کی تلاشی لینے پر اس میں بیارل برآمد ہوئے جس میں گانجہ کو رکھ کر اڈیشہ سے مہاراشٹرا کو گانجہ منتقل کیا جارہا تھا۔ ایک اطلاع پر شمس آباد پولیس بال نگر ایس او ٹی اور TGANB ٹیم نے گانجہ کی منتقلی کو ناکام بنادیا۔ پانچ افراد سومناتھ کھارا کمیشن ایجنٹ، سنجیو وٹھل، سنجیو کمار، سنیل کھونسلا، جاگا سونا کو گرفتار کرلیا جبکہ رامو اور سریش ماروتی پاٹل مفرور بتائے گئے ہیں۔ رامو ساکن اڈیشہ جو گزشتہ کئی برسوں سے گانجہ فروخت کررہا تھا جس پر کئی مقدمات درج ہیں، رامو کے ساتھی جو ڈی سی ایم میں گانجہ منتقل کررہے تھے جس کے ساتھ ایک کار جو مسلسل ان کی رہنمائی کررہی تھی اسے بھی ضبط کرلیا گیا۔ کار ڈرائیور اور اس میں موجود شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ شمس آباد ڈی سی پی راجیش نے بتایا کہ 803 کیلو گانجہ، ایک ڈی سی ایم، ایک کار، 7 سیل فونس کو ضبط کرلیا جن کی جملہ مالیت 2 کروڑ 94 لاکھ 75 ہزار روپئے ہے۔ مفرور افراد کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈی سرینواس ڈی سی پی ایس او ٹی، شوبھن کمار ایڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی، کے سرینواس راؤ، شمس آباد اے سی پی، شیو کمار انسپکٹر ایس او ٹی اور TGANB ٹیم موجود تھی۔