88 پارلیمانی حلقوں میں کم رائے دہی ، بی جے پی کی نیند حرام

   

گجرات کے حلقوں میں ووٹس کی گراوٹ ، آر ایس ایس نے بی جے پی کا ساتھ نہیں دیا

حیدرآباد۔24۔مئی ۔(سیاست نیوز) ملک بھر میں ابتدائی 5مرحلوں کے دوران ہوئی رائے دہی میں 88 پارلیمانی حلقوں میں ہوئی کم رائے دہی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی نیندیں اڑادی ہیں۔ 5 مرحلوں میں ہوئی رائے دہی کے دوران گجرات کے کئی حلقہ جات پارلیمان کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنے حق میں رائے دہی کی توقع تھی ان مقامات پر رائے دہی کے فیصد میں اور قطعی ووٹوں کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ نے پریشان کیا ہوا ہے۔ انتخابات کے عمل کے آغاز کے ساتھ ہی سنگھ پریوار کی رائے دہی کے موقع پر سرگرمیوں میں کمی نے ابتداء میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو پریشان کیا ہوا تھا لیکن بعدازاں سنگھ پریوارکی جانب سے رائے دہی میں اضافہ کے اقدامات کا تیقن دیا گیا جس پر بی جے پی نے کسی قدر اطمینان کی سانس لی تھی لیکن دوسرے مرحلہ کے بعد بھی کئی مقامات پر رائے دہی کے فیصد میں اضافہ نہ ہونے کے نتیجہ میں پیداشدہ صورتحال سے بی جے پی نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ گذشتہ ہفتہ قومی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی مسٹر جے پی نڈا کی جانب سے آر ایس ایس کے متعلق دیئے گئے بیان سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ملک بھر کی بیشتر ریاستوں میں آر ایس ایس نے بی جے پی کا ساتھ نہیں دیا ہے۔ جے پی نڈا نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کو اب آر ایس ایس کی ضرورت باقی نہیں ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا قد آر ایس ایس سے بڑا ہوچکا ہے۔ 5 مرحلوں کے دوران ہوئی رائے دہی کا اگر جائزہ لیا جائے تو 258 حلقہ جات پارلیمان کے فیصد میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے جبکہ 88 پارلیمانی نشستوں پر ووٹوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔2019میں ہوئی رائے دہی کے مقابلہ میں اگر رائے دہی کا جائزہ لیا جائے تو مجموعی اعتبار سے ریاست گجرات کے بیشتر حلقہ جات پارلیمان میں رائے دہی میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ بی جے پی قائدین کو تشویش میں مبتلاء کئے ہوئے ہے۔ کیرالہ میں جہاں 20نشستوں پر رائے دہی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ان میں تمام 20 نشستوں پر رائے دہی کے فیصد میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 12 نشستوں پر کم ووٹ استعمال کئے گئے اسی طرح اترکھنڈ میں 5 نشستوں پر ہوئی رائے دہی میں تمام نشستوں پر رائے دہی کے فیصد میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔راجستھان میں 25نشستوں پر ہوئی رائے دہی میں 22 پر فیصد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اترپردیش میں 53 نشستوں پر ہوئی رائے دہی کے متعلق جاری کئے گئے اعداد و شمارکے مطابق 40 نشستوں پر رائے دہی کے فیصد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔3