9 اگست کو اسمبلی اور حکومت تحلیل کردیں گے: وزیراعظم پاکستان

   

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی اور حکومت 9 اگست کو تحلیل کردیں گے جس کے بعد نگران حکومت آئے گی اور پھر انتخابات ہوں گے۔قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ہر طبقے کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف خون کا نذرانہ پیش کیا اور پھر وہ وقت آیا جب پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگیا لیکن وہ کون شخص تھا جس نے کہا تھا کہ افغانستان، امریکہ کی قید سے آزاد ہوگیا ہے، وہ آئیں ہم ان کو پاکستان میں بسائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے لیکن اس زمانے میں دہشت گردی کہاں سے ہو رہی تھی، آپ سب جانتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں تمام برادر ممالک سے قریبی تعلقات تھے لیکن اس کے بعد ایک جھرلو الیکشن کے نتیجے میں حکومت بٹھائی گئی جس نے بے دردی سے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو تباہ کردیا، گزشتہ حکومت نے چین، ایران، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص (نواز شریف) نے ایمانداری اور خلوص سے قوم کی خدمت کی اس کو وطن سے باہر کس نے بٹھایا ہے، ثاقب نثار اور اس کے سازشی ٹولے نے ان کو پانامہ کے بجائے اقامہ میں سزا دلوائی، کسی اور کو پانامہ عدالت نے نہیں بلایا گیا بلکہ صرف نواز شریف کو بلایا گیا اور جب اس میں موقع نہ ملا تو اقامہ میں سزا دلائی گئی۔