مہارت رکھنے والے طلبہ کو ان کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے مواقع فراہم ہوں گے
حیدرآباد ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو خانگی شعبوں میں روزگار فراہم کرنے کیلئے حکومت نے ایک نیا ادارہ ڈیجیٹل ایمپلائمنٹ ایکسچینج آف تلنگانہ (DEET) تشکیل دیا اور نوجوانوں کو اس ادارہ میں اپنی تفصیلات رجسٹر کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ بیروزگاروں کی مہارت اور تعلیمی قابلیت کے مطابق انہیں خانگی کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے ۔ آئی ٹی آئی ، پالی ٹکنک ، ڈگری کے طلبہ کو انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا اور جن امیدواروں نے اپنی تعلیم مکمل کرلی ہے انہیں اپرینٹس شپ کا موقع دیا جائے گا ۔ پرائیویٹ کمپنیوں میں ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے حکومت نے مصنوعی ذہانت کے ساتھ ایک انٹرنیٹ پلیٹ فارم بنایا ہے جس کا نام DEET رکھا گیا ہے ، جس کا 4 ڈسمبر کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پدا پلی میں افتتاح کیا ہے ۔ طلبہ اور بیروزگار نوجوان اس میں مفت اپنی تفصیلات درج کراسکتے ہیں ۔ رجسٹریشن کے ساتھ دیگر تفصیلات کیلئے DEET ویب سائیٹ پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ ایسے نوجوان جو اپنی تعلیم مکمل کرچکے ہیں اور روزگار کی تلاش میں وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اس پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ رجسٹریشن اور دیگر تفصیلات مفت میں اندراج کرنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔2