حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری و خانگی انجنیئرنگ کالجس میں بی ٹیک نشستوں پر داخلوں کے لئے ایپسٹ (EAPCET) کونسلنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ۔ ریاستی کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے دفتر میں کنوینر پروفیسر وی بالکشٹا ریڈی اور کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن سری دیو سینا کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں اس شیڈول کو منظوری دی گئی ۔ اس بار بھی کونسلنگ کا عمل تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا جو 19 جون سے شروع ہوکر اگست کے وسط تک چلے گا ۔ پہلے مرحلہ میں ویب آپشن 25 جون سے یکم جولائی تک دیئے جاسکیں گے جبکہ پہلے مرحلہ کی نشستیں مختص کرنے کا عمل 10 جولائی تک مکمل ہوگا ۔ دوسرا مرحلہ 17 سے 28 جولائی تک چلے گا ۔ نشستوں کے الاٹمنٹ کے بعد طلبہ کو الاٹ کردہ کالج میں خود جاکر رپورٹ کرنا ہوگا ۔ 13 جولائی سے 7 اگست تک کونسلنگ کا آخری مرحلہ منعقد کیا جائے گا ۔ کالجس میں اندرونی شاخوں کی تبدیلی (Internal Sliding) کا عمل 12 سے 17 اگست تک جاری رہے گا جبکہ اسپاٹ ایڈمیشن کیلئے رہنمایانہ خطوط 16 اگست کو ویب سائیٹپر جاری کی جائے گی۔ انجنیئرنگ کا نیا تعلیمی سیشن یکم اگست سے شروع ہوجائے گا ۔ ماضی میں کنوینر کوٹہ کے دو راؤنڈس مکمل ہونے کے بعد مینجمنٹ کوٹہ (بی زمرہ) کی نشستوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری ہوتا تھا جس سے طلبہ کی جانب سے نشستیں منسوخ کروانے کے باعث کئی انتظامی مسائل پیدا ہوئے تھے ، اس مرتبہ ان مسائل کے حل کیلئے کونسلنگ کے ساتھ ہی (B- Category) کی نشستوں کو بھی پُر کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ طلبہ دوسرے مرحلہ تک اپنی حاصل کردہ نشست منسوخ کرواسکتے ہیں ۔ ایسی صورت میں ان کی پوری فیس واپس کردی جائے گی ۔ تاہم آخری مرحلہ 7 اگست کے بعد نشست منسوخ کروانے پر فیس کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہوگا ۔ دوسرے مرحلہ میں نشست حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے متعلقہ کالج میں خود رپورٹ کرنا لازمی ہوگا ۔ اگر وہ رپورٹ نہیں کرتے تو انہیں آخری مرحلہ میں ویب آپشنس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ 2/k/i
کالج میں رپورٹنگ کے وقت طلبہ کو صرف اپنا اصل ٹی سی (TC) جمع کرانا ہوگا جبکہ باقی تعلیمی اسنادات کی صرف زیراکس کاپیاں فراہم کرنا کافی ہوگا ۔ پہلے مرحلہ میں نشست حاصل کرنے والے طلبہ اگر بہتر کالج یا برانچ کے خواہشمند ہیں تو وہ دوسرے مرحلہ میں نئے ویب آپشنس کے ساتھ دوبارہ رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ 2/k