واشنگٹن ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) نے منگل کے روز اعلان کیا ہیکہ اس نے ریاست ایریزونا کے ایک امریکی فضائی اڈے میں ترک ہوابازوں کی F-35 طیاروں پر تربیت کا سلسلہ روک دیا ہے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اس جدید ترین لڑاکا طیارے کے پروگرام میں انقرہ کی شرکت کو ختم کر رہا ہے۔ امریکی اقدام کی وجہ یہ ہے کہ ترکی روس سےS-400 فضائی دفاعی نظام خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پینٹگان کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل مائیک اینڈروز کے مطابق ترکی کی پالیسی میں تبدیلی کے بغیر F-35 طیاروں کے پروگرام میں اس کی شرکت ختم کرنے کیلئے کام جاری رکھا جائیگا۔پینٹگان نے رواں سال اپریل کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی کو امریکی F-35 لڑاکا طیاروں سے متعلق ساز و سامان کی تمام کھیپوں کی حوالگی معلق کر دے گا۔
