برلن : صنعتی طور پر ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ G-7کے سربراہان مملکت و حکومت آج سے جنوبی جرمن شہر میونخ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ریاست باویریا میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے کی آغوش میں ایلماؤ کے مقام پر جی سیون کا سالانہ اجلاس اتوار سے آئندہ منگل تک جاری رہے گا۔ یوکرین پر روسی فوجی حملہ، ماحولیاتی تبدیلیاں اور توانائی اور خوراک کے بحران اس اجلاس کے مرکزی موضوعات ہوں گے۔ کئی سماجی تنظیموں اور گروپوں نے اس سمٹ کے موقع پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ حکام بیس ہزار تک مظاہرین کی شرکت کی توقع کر رہے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ایلماؤ اور اس کے نواح میں اٹھارہ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ جی سیون سمٹ کے بعد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا سالانہ اجلاس آئندہ ہفتے چہارشنبہ اور جمعرات کو ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں ہو گا۔