G20کی صدارت ہندوستان کیلئے بڑا موقع:مودی

,

   

ملک نے خلائی شعبہ میں نئی تاریخ رقم کی،وزیراعظم کی من کی بات
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے آج من کی بات پروگرام کے دوران کہا کہ G20 کی صدارت ہندوستان کیلئے ایک بڑا موقع ہے ۔ ہمیں اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا اور عالمی بھلائی، عالمی بہبود پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چاہے امن ہو یا اتحاد، ماحولیات کے تئیں حساسیت، یا پائیدار ترقی، ہندوستان کے پاس ان سے متعلق چیلنجوں کا حل موجود ہے ۔ ہم نے ، جو موضوع دیا ہے ،ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل وہ ہمارے واسو دیوا کٹمبکم کے عہد کا اظہار کرتا ہے ۔ آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں G20سے متعلق بہت سے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس عرصے کے دوران دنیا کے مختلف حصوں سے لوگوں کو آپ کی ریاستوں کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی ثقافت کے متنوع اور مخصوص رنگوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ میں آپ سب سے خاص کر اپنے نوجوان دوستوں سے ایک اور بات کی درخواست کرتا ہوں۔ ہری پرساد گارو کی طرح آپ کو بھی کسی نہ کسی طریقے سے G20 میں شامل ہونا چاہیئے۔ اگر آپ G20.inویب سائٹ پر جائیں گے تو وہاں آپ کو اپنی دلچسپی کے مطابق بہت سی چیزیں ملیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج من کی بات کے 95ویں اپیسوڈ میں کہا کہ 18نومبر کو پورے ملک نے خلائی شعبے میں نئی تاریخ رقم ہونے کا مشاہدہ کیا۔ اس دن ہندوستان نے اپنا پہلا ایسا راکٹ خلا میں بھیجا، جسے ہندوستان کے نجی شعبے نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔ اس راکٹ کا نام ’وکرم۔ایس‘ ہے ۔ جیسے ہی دیسی خلائی اسٹارٹ اَپ کے اس پہلے راکٹ نے سری ہری کوٹا سے تاریخی اڑان بھری، ہر ہندوستانی کا سینا فخر سے پھول گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’وکرم۔ایس‘ راکٹ بہت سی خصوصیات سے لیس ہے ۔ یہ دوسرے راکٹوں سے ہلکا بھی ہے اور سستا بھی ہے ۔ اس کو بنانے کی لاگت خلائی مشنوں میں شامل دیگر ممالک کے خرچ سے بہت کم ہے ۔ خلائی ٹیکنالوجی میں، کم قیمت پر عالمی درجے کا معیار، اب ہندوستان کی پہچان بن گیا ہے ۔ اس راکٹ کو بنانے میں ایک اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے ۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اس راکٹ کے کچھ اہم حصے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے بنائے گئے ہیں۔ یقینی طور پر، ’وکرم۔ایس‘ کے لانچنگ مشن کو جو نام ’پرارمبھ‘ دیا گیا ہے ، وہ پوری طرح اس سے میل کھاتا ہے ۔ یہ ہندوستان میں نجی خلائی شعبے کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ملک کیلئے خود اعتمادی سے بھرے ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ بچے ، جو کبھی آسمان پر چاند اور ستاروں کو دیکھ کر شکلیں بناتے تھے ، اب انہیں ہندوستان میں ہی راکٹ بنانے کا موقع مل رہا ہے ۔ نجی شعبے کیلئے مواقع کھولنے کے بعد نوجوانوں کے یہ خواب بھی پورے ہونے لگے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان خلائی شعبے میں اپنی کامیابی اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی بانٹ رہا ہے ۔ ابھی کل ہی ہندوستان نے ایک سیٹلائٹ لانچ کیا ہے ، جسے ہندوستان اور بھوٹان نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے ۔