H-1Bویزا ہولڈرس ہندوستان میں پھنس گئے

   

Ferty9 Clinic

امریکی قونصل کے دفاتر نے طے شدہ انٹرویوز اچانک روک دیئے، پالیسی میں سختی کا اثر
نئی دہلی 22ڈسمبر (ایجنسیز) ہندوستان میں اپنے ورک پرمٹس کی تجدید کے لیے واپس آنے والے سینکڑوں H-1B ویزا ہولڈرز مشکلات میں پھنس گئے ہیں، کیونکہ امریکی قونصل کے دفاتر نے پہلے سے طے شدہ کئی اپائنٹمنٹس کو مؤخر کردیا ہے۔ 15 تا 26 دسمبر کے درمیان مقرر اپائنٹمنٹس اب اگلے سال تک ملتوی کر دی گئی ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں H-1B ویزا ہولڈرز بھارت میں ہی رک گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ میں تعطیلات کے موسم اور امریکی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے سوشل میڈیا ویٹنگ (جانچ) نظام کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں واشنگٹن پوسٹ نے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے حال ہی میں H-1Bاور H-4 ویزا درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ابتدائی جانچ اور گہری چھان بین شروع کی ہے۔ یو ایس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 3 دسمبر کو جاری کردہ احکامات کے مطابق H-1B، H-4 ، F، M اور J نان امیگرنٹ ویزا درخواست گزاروں کو اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز ’پبلک‘ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ امریکی ویزا ایک حق نہیں بلکہ ایک سہولت ہے، اور قومی سلامتی کے پیش نظر مکمل جانچ کے ذریعے اْن افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے جو امریکہ میں داخلے کے اہل نہیں سمجھے جاتے۔ یہ اقدامات سابق ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے تسلسل کا حصہ بتائے جا رہے ہیں۔