H1B ویزا اور گرین کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں عنقریب قواعد میں نرمی

   

امریکی حکومت کو مقامی ادارہ کی سفارشات، اجرائی کی مدت میں کمی اور ورک پرمٹ کی مہلت میں اضافہ کا امکان
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) بیرونی ممالک میں ملازمت کا خیال آئے تو زیادہ تر ہندوستانیوں کی ترجیح امریکہ ہوتی ہے اور امریکہ کیلئے H1B ویزا کے حصول کیلئے ہر کسی کو مساعی کرتے دیکھا گیا ہے۔ دیگر ممالک کے مقابلہ امریکہ میں روزگار کے باآسانی حصول کے یقین کے ساتھ ہر سال بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری ویزا کیلئے امریکی سفارتخانہ یا کونسلیٹس کا رُخ کرتے ہیں۔ ملازمت کیلئے امریکہ روانگی کے واہشمندوں کو H1B ویزا کا حصول ضروری ہوتا ہے اسے ورکنگ ویزا بھی کہا جاتا ہے۔ امریکہ میں ملازمت کرنے والے افراد مستقبل میں وہیں پر سکونت اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ شہریت حاصل ہوجائے۔ شہریت کے حصول سے قبل گرین کارڈ کا حصول ضروری ہوتا ہے۔ H1B اور گرین کارڈ سے متعلق قوانین میں امریکی حکومت نے بعض ترمیمات اور آسانیاں پیدا کرتے ہوئے ہندوستانیوں کیلئے خوشی میں اضافہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکی حکومت نے H1B ویزا اور گرین کارڈ ویزا کے پراسسنگ کی مہلت کو گھٹاکر 6 ماہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ کو پریسیڈنشیل کمیشن کی منظوری باقی ہے۔ اس قانون کی منظوری کے ساتھ ہی امریکہ میں بسنے والے لاکھوں ہندوستانیوں اور چین کے شہریوں کو فائدہ ہوگا۔ ایشین امریکن افراد کی رہائش سے متعلق امور طئے کرنے کیلئے اڈوائزری کمیشن نے 12مئی کو ایک رپورٹ حکومت کو پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگسٹ میں یہ رپورٹ امریکی صدر جوبائیڈن کی منظوری کیلئے روانہ کی گئی۔ وائیٹ ہاوز کے داخلی امور سے متعلق کونسل کو یہ رپورٹ حوالے کی گئی۔ واضح رہے کہ کوویڈ وباء کے نتیجہ میں سفری پابندیوں کے سبب گرین کارڈ کی اجرائی میں کافی تاخیر ہورہی تھی۔ بہت کم تعداد میں گرین کارڈ جاری کئے جارہے تھے۔ حکومت کے نیشنل ویزا سنٹر نے بڑے پیمانے پر تقررات کرتے ہوئے گرین کارڈ کی درخواستوںکی یکسوئی کی سفارش کی ہے۔ اگسٹ 2022 سے تین ماہ میں صد فیصد ویزا انٹرویوز منعقد کرنے کی سفارش کی گئی۔ حکومت کو گرین کارڈ اور H1B ویزا کی اجرائی کیلئے پراسسنگ کی مدت کو 6 ماہ کرنے کی سفارش کی گئی ۔ زیر تصفیہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے گی۔ H1B ویزا کی اجرائی کا عمل دو ماہ میں مکمل کرنے کی سفارشکی گئی ہے جبکہ ورک پرمٹ کی حد کو 180 دن سے بڑھا کر 365 دن کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ H1B ویزا اور پھر گرین کارڈ حاصل کرنے والوں میں ہندوستان اور چین کے باشندوں کی تعداد دیگر ممالک سے زیادہ ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے نئی سفارشات کو منظوری کے بعد ہندوستانیوں کو ویزا اور گرین کارڈ کے حصول میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔ر