وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح، حیدرآباد میں لکڑی سے تعمیر کردہ مکانات کا تجربہ
شمس آباد ۔ 20 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے قریب واقع مہیشورم منڈل میں MAK پراجکٹس کی جانب سے کینیڈین ووڈ ولا تعمیر کیا گیا جس کا افتتاح وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کیا ۔ محمد محمود علی نے ولا کا تفصیلی معائنہ کیا اور کیمرون میکائی ہائی کمشنر آف کینیڈا متعین ہندوستان اور ڈاکٹر نواب میر ناصر علی خان پروموٹر اینڈ ایم ڈی MAK پراجکٹس پرائیوٹ لمیٹیڈ کو مبارکباد پیش کی ۔ کیمرون میائی ہائی کمشنر آف کینیڈا انڈیا نے بتایا کہ ہندوستان اور کینیڈا کا تجارتی میدان میں گہرا تعلق ہے۔ کینیڈا ہمیشہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے تیار ہے۔ کینیڈین ووڈ ولا کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ 15 ہزار مربع فٹ وسیع و عریض پلاٹ پر تعمیر کیا جارہا ہے جس میں تمام سہولیات مہیا کروائی گئی ہے ۔ چار بیڈرومس، لیونگ ایرا، جم ، گیمس روم ، آوٹ ڈور میٹنگ وغیرہ شامل ہیں جن کو کینیڈین ووڈ سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ ولا کی تعمیر تقریباً ڈھائی تا تین ماہ میں مکمل کی جاتی ہے ۔ کینیڈین ووڈ کو ہندوستان لانے کیلئے 18 فیصد جی ایس ٹی اور 11 فیصد امپورٹ ڈیوٹی جملہ 29 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر نواب میر ناصر علی خان پروموٹر اینڈ ایم ڈی MAK پراجکٹس نے کہا کہ لکڑی سے تعمیر کردہ مکان ہندوستان میں ایک نیا منصوبہ ہے لیکن بیرونی ممالک خاص کر جاپان میں تقریباً لکڑی کے مکانات ہی ہوتے ہیں جس سے آلودگی میں بھی کمی ہوتی ہے ۔ لکڑی کا مکان کنکریٹ سے 15 گنا اور اسٹیل سے 400 گنا بہتر ہوتا ہے ۔ حیدراباد میں ہمارا تجربہ صارفین کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے میں اہم رول ادا کرے گا ۔ افتتاحی تقریب میں مائیکل لوئیس چیف اگزیکیٹیو آفیسر این آئی آئی ، کنٹری ڈائرکٹر پیٹر براڈ فیلڈ ، ٹکنیکل اڈوائزر عثمان علی خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔