NEET امتحانی مراکز کے انتظامات کا کلکٹر نے جائزہ لیا

   

نظام آباد ۔ 29 اگسٹ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرنظام آباد بھاویش مشرا نے ہفتہ کو نیٹ (پی جی) امتحان کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ضلع میں نیٹ (پی جی) امتحان کے لیے 265 امیدوار شرکت کرنے والے ہیں۔ کلکٹر نے ارسا پلی میں واقع اے وی انٹرپرائزز اور ملارم میں قائم شفٹ ٹیکنالوجیز کے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور امتحان کے انعقاد کے لیے دستیاب سہولتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں مطلوبہ تعداد میں کمپیوٹرز، سی سی کیمرے، بایومیٹرک تصدیق کے آلات، انٹرنیٹ کنکشن اور دیگر ضروری سہولتوں کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی سربراہی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز پر پینے کے پانی اور طبی سہولتوں کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ کلکٹر نے کہا کہ نیٹ (پی جی) امتحان کے انعقاد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خامی کی گنجائش نہ رہے اور تمام ضروری احتیاطی اقدامات کیے جائیں، جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف پولیس کا مناسب بندوبست بھی کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹ (پی جی) امتحان صبح 9 بجے سے دوپہر 12:30بجے تک جاری رہے گا اور امیدواروں کو مقررہ وقت سے قبل ہی امتحانی مراکز پر پہنچنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بھوجنگ راؤ، آر ڈی او راجندر کمار، ڈی ای او اشوک، ڈی آئی ای او روی کمار، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر راج شری، اے سی پی پرکاش، تحصیلدار ونئے کمار اور ہری کشور، کلکٹریٹ اے او بالراجو سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔