بی ایل او گھر جاکر دستاویزات حاصل کریں، نوٹسوں کی یکسوئی کی تفصیلات جاری کرنے چیف الیکٹورل آفیسر کی ہدایت
حیدرآباد۔یکم اکتوبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ SIR مہم کے تحت جن رائے دہندوں کو نوٹس جاری کی گئی ہے، بوتھ لیول آفیسرس کیلئے لازمی ہے کہ وہ رائے دہندوں کے مکان پہنچ کر تفصیلات اور دستاویزات حاصل کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرشن ریڈی نے کہا کہ بوتھ لیول آفیسرس کو رائے دہندوں کے دستاویزات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نیٹ پر اپ لوڈ کرنا چاہئے تاکہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر یا اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس فیصلہ کرسکیں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ نوٹس کی اجرائی کے بعد رائے دہندوں کو سماعت کیلئے ای آر او یا اے ای ار او کے دفتر طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انتہائی ناگزیر صورتحال میں ای آر او یا اے ای آر او آن لائین سماعت کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے بتایا کہ آن لائین سماعت کی سہولت کیلئے سافٹ ویر کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت میں کوئی ایک بالغ رکن کو شرکت کیلئے مجاز کیا جاسکتا ہے۔ ایسے رائے دہندے جن کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں، ان کے بارے میں الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس مقامی طور پر جانچ کرتے ہوئے فیصلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں کی سہولت کیلئے مناسب تعداد میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے اور نائیٹ شیلٹرس میں قیام کرنے والے افراد ، لیبر ، غریب عوام اور بے گھر افراد کیلئے خصوصی کیمپس کے انعقاد کی ہدایت دی گئی۔سدرشن ریڈی نے واضح کیا کہ فارم 6 کے تحت ڈکلیریشن فارم کو صرف ایس آئی آر مہم کے دوران استعمال کیا جائے جبکہ ایس آئی آر مدت کے بعد ڈکلیریشن فارم کیلئے دباؤ نہیں بنایا جاسکتا۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ بڑی تعداد میں موصول ہونے والے فارم 7 درخواستوں کی انتہائی احتیاط کے ساتھ یکسوئی کی جائے گی ۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی اساس پر نوٹسوں کی یکسوئی کی تفصیلات اپنے نوٹس بورڈ پر آویزاں کریں اور سیاسی پارٹیوں اور میڈیا کو تفصیلات سے واقف کرایا جائے۔ فارم 9 ، 10 ، 11 ، 11A ، 11B کے تحت موصولہ دعوؤں اور اعتراضات کو روزانہ نوٹس بورڈ پر آویزاں کیا جائے۔ تمام دعوے اور اعتراضات چیف الیکٹورل آفیسر کے ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں تاکہ عوام فہرست کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنے اعتراضات پیش کرسکیں۔1/k