چیف الیکٹورل آفیسر کی ویڈیو کانفرنس کے بعد سنگاریڈی میں SIR کی پیشرفت کا جائزہ ، عہدیداروں کو مختلف ہدایتیں
سنگاریڈی ۔ 29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) کے عمل کے تحت میپنگ نہ ہونے والے اور ووٹر لسٹ میں شامل نہ ہونے والے ووٹروں کو نوٹسوں کی تقسیم میں تیزی لانے کی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس حوالے کرنے کے بعد لازمی طور پر وصولی کا اقرارنامہ حاصل کیا جائے۔ خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) کے عمل کا چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے حیدرآباد سے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تمام اضلاع کے کلکٹروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ لیا۔ اس موقع پر اضلاع کی سطح پر میپنگ نہ ہونے والے اور اناملیز فہرست میں شامل ووٹروں کو نوٹسوں کی تقسیم، سماعت سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے SIR کے عمل کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا تعاون حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متعلقہ EROs اور AEROs کو بوتھ لیول افسران کی مسلسل رہنمائی کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی غلطی کے بغیر شفاف ووٹر فہرستیں تیار کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔سنگاریڈی کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال سے ضلع کلکٹر پرتیک جین نے ایڈیشنل کلکٹر سنگیتا اور متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کو بتایا کہ ضلع میں SIR کے عمل کو منظم اور شفاف انداز میں انجام دیا جا رہا ہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایات اور قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ویڈیو کانفرنس کے بعد ضلع کلکٹر نے حلقہ وار SIR کے عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے EROs کو ہدایت دی کہ نوٹسوں کی تقسیم کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اس عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔کلکٹر نے فیلڈ سطح پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے روزآنہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں متعلقہ ووٹروں کو نوٹس پہنچانے اور لازمی طور پر ان سے وصولی کا اقرارنامہ حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں کو پولنگ اسٹیشن اور منڈل کی سطح پر روزانہ نوٹسوں کی تقسیم کی پیشرفت کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ جن علاقوں میں نوٹسوں کی تقسیم زیادہ تعداد میں زیر التوا ہے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان علاقوں پر خصوصی توجہ دینے اور باقی ماندہ نوٹسوں کی تقسیم جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ SIR کے عمل کے ہر مرحلے کو قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف انداز میں انجام دیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی اہل ووٹر کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر سنگیتا، EROs، AEROs، انتخابی شعبہ کے عہدیداران، تحصیلدار اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔