SIR کے نام پر غیر بی جے پی ریاستیں مرکز کے نشانے پر: چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کے ووٹ منسوخ کرنے کی سازش، بی آر ایس اور بی جے پی کا گٹھ جوڑ

حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر غیر بی جے پی حکومتوں والی ریاستوں کو نشانہ بنانے اور جمہوری عمل کو پامال کرنے کا الزام عائد کیا۔ اپنے اسمبلی حلقہ کوڑنگل میں چیف منسٹر نے کانگریس کے مقامی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ حالات کا جائزہ لیا، بعد ازاں پارٹی قائدین سے خطاب کرت ہوئے ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کے روپے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ریاستوں میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے نام پر ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کے ووٹوں کو ہدف بناکر ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کی ایک گہری سازش کی جارہی ہے۔ انہوںن ے یاد دہانی کروائی کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا، بہار اور مغربی بنگال میں بالکل اسی لائحہ عمل اور سازش کو اپناکر انتخابی نتائج کو اپنے حق میں کیا تھا اور اب وہی فارمولہ تلنگانہ میں آزمایا جارہا ہے۔ بی جے پی کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی سیاسی فائدے کے لئے جمہوری اصولوں کو داغدار بنا رہی ہے اور تمام اہلیت رکھنے والے ووٹرس کو ایک منظم سازش کے تحت نشانہ بنا رہی ہے۔ تلنگانہ میں حکمران کانگریس بی جے پی کی اس ناپاک سازش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ انہوں ن ے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اصل اپوزیشن بی آر ایس پارٹی بھی کانگریس کو شکست دینے کے لئے خفیہ طور پر بی جے پی کا ساتھ دے رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو خبردار کیا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کا یہ گٹھ جوڑ اور سازشیں انتہائی خطرناک ہیں اس لئے تلنگانہ میں کانگریس کے لئے بالکل بھی مطمئن یا غافل ہونے کی گنجائش نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہر بوتھ پر ایک ایک ووٹ کی حفاظت کی ذمہ داری قبول کرنے پر زور دیا۔ 2؍F