SIR مہم میں ووٹرس کی دشواریوں پر چیف الیکٹورل آفیسر سے نمائندگی

   

کانگریس قائدین نے تحریری یادداشت پیش کی، فارمس کی تکمیل میں مسائل کا حوالہ

حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کی الیکشن کمیشن کوآرڈی نیشن کمیٹی کے وفد نے صدرنشین راجیش کمار کی قیادت میں چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں جاری SIR مہم میں رائے دہندوں کو درپیش مسائل اور دشواریوں سے واقف کرایا۔ کمیٹی نے تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے مختلف دشواریوں کی نشاندہی کی اور بوتھ لیول آفیسرس کے کام میں شفافیت کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ ناموں کے اندراج کے لئے جو فارمس تقسیم کئے جارہے ہیں، اُن میں تفصیلات کو پُر کرنے میں عوام کو دشواری پیش آرہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رائے دہندے اور دیگر افراد کے درمیان رشتے کے تذکرہ کا معاملہ عوام کے لئے اُلجھن کا باعث بن چکا ہے۔ کئی رائے دہندوں نے 2002ء کی فہرست کے مطابق ہی تفصیلات کو شامل کرتے ہوئے نئے فارم پُر کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 2002ء کی فہرست اور تازہ ترین فہرست میں ناموں اور رشتوں کے سلسلہ میں کئی خامیاں پائی جاتی ہیں۔ رائے دہندوں کی تصاویر بھی کئی علاقوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ کانگریس قائدین نے سکندرآباد کنٹونمنٹ اور دیگر علاقوں میں پولنگ بوتھس کے تحت رائے دہندوں کی تقسیم سے پیش آنے والی دشواریوں کو واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف الیکٹورل آفیسر کو چاہئے کہ وہ SIR مہم کے شفافیت کے ساتھ انعقاد کو یقینی بنائیں اور مہم کی مدت میں توسیع کی جائے۔ سدرشن ریڈی سے ملاقات کرنے والوں میں ایس آئی آر اسٹیٹ کوآرڈی نیٹر جی وینو گوپال، کو کوآرڈی نیٹر واجد حسین اور حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر خالد سیف اللہ شامل ہیں۔V/1