نلگنڈہ۔یکم اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) کے عمل کو ملک بھر میں فوری طور پر روکنے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بائیں بازو کی جماعتوں نے نلگنڈہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سی پی آئی، سی پی آئی(ایم) سی پی آئی (ایم ایل) ٹی جی ایس سمیت مختلف جماعتوں کے زیر اہتمام سبھاش چندر بوس چوراہے پر منعقدہ احتجاج میں بڑی تعداد میں قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ایم ایل سی نیلی کانٹی ستیم اور سی پی آئی(ایم) کے ضلع سکریٹری تمّلا ویرا ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے طرزِ عمل پر شدید اعتراض کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ SIR کے نام پر بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کے حقِ رائے دہی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔قائدین نے کہا کہ تلنگانہ میں لاکھوں ووٹروں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ نلگنڈہ ضلع میں بھی بڑی تعداد میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔احتجاج میں سی پی ایم کے سینئر قائدین سیدہاشم محمد سلیم اور دیگر بائیں بازو کی جماعتوں کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔