ٹی آر ایس کے گمراہ کن پروپگنڈہ جواب دینے کارکنوں سے اپیل، بی جے پی کا تین روزہ تربیتی کیمپ
حیدرآباد۔/20 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے بی جے پی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کے مخالف پروپگنڈہ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ریاست میں پارٹی کے استحکام پر توجہ دیں۔ کشن ریڈی نے شاہ میر پیٹ میں بی جے پی کارکنوں کیلئے منعقدہ تین روزہ تربیتی کیمپ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رکنیت سازی کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی پارٹی کا اعزاز رکھتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ معمولی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف بعض گوشوں کی جانب سے جان بوجھ کر گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ برسراقتدار ٹی آر ایس تلنگانہ میں اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف مہم چلارہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کے بارے میں بتانے کے موقف میں نہیں ہے لہذا اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے مرکز کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ منوگوڑ کے حالیہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس نے فلاحی اسکیمات کو روکنے کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ عوام کو یہ تاثر دیا گیا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر فلاحی اسکیمات روک دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ گمراہ کن پروپگنڈہ کا اثر عارضی ہوتا ہے۔ پارٹی کارکنوں کو چاہیئے کہ وہ متحدہ طور پر کام کریں اور پروپگنڈہ کا جواب دیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بہر صورت برسراقتدار لانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے، تلنگانہ کے انچارج ترون چوگ اور ارکان اسمبلی اس موقع پر موجود تھے۔ر