کمیشن کے لیے ناقص تعمیرات، وزراء کے ساتھ دیوادولاپراجکٹ کا معائنہ
حیدرآباد ۔13 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ آئندہ مانسون تک ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹس کو مکمل کرتے ہوئے زرعی اغراض اور پینے کے پانی کے لئے درکار سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملک ضلع میں ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور پی سرینواس ریڈی کے ہمراہ مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں تعمیر کردہ میڈی گڈا اور سندیڑلا پراجکٹس کے مرمتی کاموں کو مرکزی حکومت کے ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ کالیشورم کے تحت سنیدیڑلا ، انارم اور میڈی گڈا بیاریجس تعمیر کئے گئے تھے لیکن ان میں نقائص پیدا ہوچکے ہیں جس کے نتیجہ میں پانی کی سربراہی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون میں غیراطمینان بخش بارش کے باوجود زرعی اور پینے کیلئے سربراہی میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بیاریجس کے سلسلہ میں ماہرین سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور وزراء نے دیوادولا پراجکٹ کا معائنہ کیا۔ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں پراجکٹ کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے حکومت نے حکمت عملی تیارکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوادولا پراجکٹ 194 کروڑ کے کاموں کی تکمیل سے متعلق بلز حکومت میں جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بی آر ایس دورحکومت میں نقائص سے پُر پراجکٹس تعمیر کئے گئے جس کے نتیجہ میں عوامی رقومات کا زیاں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے حصول کے لئے کئی پراجکٹس نقائص کے ساتھ تعمیر کئے گئے ۔b/k/1/k