آئی ٹی چھاپوں کے دوران ملاریڈی کا بیٹا علیل۔ سیاسی مخاصمت پربی جے پی کی کارروائی:وزیرلیبر تلنگانہ

   

حیدرآباد23 نومبر(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر لیبرملاریڈی نے الزام لگایا کہ بی جے پی ایک سیاسی مخاصمت کے حصہ کے طورپر ان کے ساتھ ساتھ ان کے رشتہ داروں کے مکانات پر چھاپے مار رہی ہے ۔ وہ اپنے بیٹے مہیندر ریڈی کی عیادت کے لیے نارائنا ملٹی اسپیشلٹی اسپتال گئے جو علیل ہوگئے اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے ساتھ آئی ٹی حکام بھی موجود تھے ۔ ملاریڈی نے الزام لگایا کہ انکم ٹیکس حکام نے آئی ٹی چھاپوں کے نام پر ان کے بیٹے کو ہراساں کیا اور مارا پیٹا اور اسی وجہ سے اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کالجوں کے علاوہ کوئی غیر قانونی کاروبار یا کیسینو نہیں چلاتے ۔ ملاریڈی نے کہا کہ آئی ٹی حملے جان بوجھ کر کیے جا رہے ہیں۔